مشیر خزانہ وزیر اعظم کی نااہلی پر پردہ ڈال رہے ہیں، شازیہ مری
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مرکزی اطلاعات سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ مشیر خزانہ شوکت ترین کا بیان مضحکہ خیز اور سفید جھوٹ پر مبنی ہے اور وہ نالائق وزیر اعظم عمران نیازی کی نااہلی پر پردہ ڈال رہے ہیں شازیہ مری نے کہا کہ مشیر خزانہ شوکت ترین کورونا کا بہانا بناکر مہنگائی کے حوالے سے تاویلیں نہ گھڑیں۔ان باتوں کا اظہار آج انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ ملک میں سلیکٹڈ حکومت نے چینی اور گندم کا بحران خود پیدا کیا، سستی چینی اور گندم ایکسپورٹ کرکے پھر امپورٹ کی گئی، انہوں نیشوکت ترین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ترین صاحب کیا ملک میں پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں کا تعین بھی کورونا کر رہی ہے اور کیا ایل این جی کی خریداری میں تاخیر میں بھی کورونا رکاوٹ تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی زندگی بچانے والی ادویات کے مہنگے ہونے کا کورونا سے کیا تعلق ہے جبکہ کیا سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پینشن میں اظافہ نہ کرنے میں بھی کورونا کا قصور ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ شوکت ترین صاحب آپ خود کہتے ہیں کہ نیب کے خلاف بات کرنے پر نوٹس آتا ہے جبکہ صدر آصف علی زرداری نے سچ کہا تھا نیب اور ملک کی معیشت ساتھ نہیں چل سکتے۔