افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال کنٹرول میں ہے، اسد مجید خان

  افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال کنٹرول میں ہے، اسد مجید خان

  

 واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ میں متعین سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ حقائق سے پتا چل رہا ہے کہ افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال کنٹرول میں ہے، پاکستان اور امریکہ افغانستان کے بارے میں یکساں موقف رکھتے ہیں،پاکستان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے،ہم نے طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا، کسی بھی ملک نے اسے باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا۔ معروف امریکی اخبارکو انٹرویو میں ڈاکٹر اسد مجید خان نے 9/11 کے تناظر، پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال سے متعلق پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ماضی سے سبق سیکھیں، میری ہمدردی 9/11 کے متاثرین اور انکے لواحقین کے ساتھ ہیں، پاکستان نے بھی دہشت گردی کیخلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے، ہماری 80 ہزار شہادتیں ہوئیں اور 150 بلین ڈالرز سے زائد کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا ہم نے افغانستان سے ذمہ دارانہ امریکی انخلاء کی بات کی جو امن کے عمل میں پیش رفت کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔ اسی لیے پاکستان نے بین الافغان مذاکرات کی حمایت کی۔ حقائق سے پتا چل رہا ہے کہ افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال کنٹرول میں ہے اور افغان سرحد پر مہاجرین کی آمد کی اطلاع بھی نہیں ہے،یہ حقیقت ہے کے افغانستان میں ایک حکومت موجود ہے، اب عالمی برادری چاہے تو اس سے بات کرے یا تنہا چھوڑ دے، لیکن ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ افغانستا ن میں نئی حکومت بین الاقوامی برادری کی توقعات کو کس حد تک پورا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ افغان سرزمین پاکستان سمیت کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہ ہو۔ ہم چاہتے ہیں کہ انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کا احترام ہو۔ 

اسد مجید خان 

مزید :

صفحہ آخر -