توہین عدالت کی درخواست پر سی سی پی او لاہور کونوٹس جاری، جواب طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائی کورٹ کے مسٹرجسٹس شہبازرضوی نے توہین عدالت کی درخواست پر سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کونوٹس جاری کرتے ہوئے 6اکتوبر کو جواب طلب کرلیا پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں عابد مناواں کی طرف سے دائردرخواست میں سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیا گیاہے کہ ڈی ایس پی ذکریا یوسف،ایس ایچ او باٹا پور اور ایس ایچ او مناواں سمیت دیگر پولیس اہلکاروں نے گھر کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا اور سیاسی انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا میاں عابد مناواں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی خواتین کو ہراساں کیا گیا اور یہ ساری کاروائی ریکارڈ پر ہے درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ڈی ایس پی اور دونوں ایس ایچ اوز کی ہدایات پر سی سی ٹی وی کیمرے اور ریکارڈنگ سیٹ بھی ساتھ لے گئے قیمتی سامان بھی اٹھا لیا گیا لیکن اس کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور پولیس افسران اپنے پیٹی بھائیوں کو بچارہے ہیں عدالت عالیہ کے سی سی پی او لاہور کو درخواست گزار کا موقف سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا لیکن عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا گیا،عدالت سے استدعاہے کہ توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
توہین عدالت