ایم این اے لال چند مالہی کی وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی سے ملاقات، چھور تا میر پور خاص ماروی ٹرین شروع کرنے کی درخواست

عمرکوٹ (سید ریحان شبیر )پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق اور پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے لال چند مالہی نے ریلوے کے وفاقی وزیر اعظم سواتی سے ملاقات کرکے چھور تا میرپورخاص ماروی ٹرین شروع کرنے کی درخواست کی ، وفاقی وزیر نے ماروی ٹرین شروع کرنےپر اتفاق کیا ۔
چھور تا میرپورخاص چلنےوالی ماروی ٹرین گذشتہ تقریباً ڈھائی سال سے بند ہے عوام کےمطالبہ اور علاقے کےلوگوں کو ریل کی سفری سہولیات کی فراہمی کےلیے پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق ایم این اے لال چند مالہی نے ریلوے کے وفاقی وزیر اعظم سواتی سے ان کےدفتر میں میں ملاقات کرکے عمرکوٹ تھر کے لوگوں کے لیے ماروی ٹرین کو دوبارہ بحال کرنےکی درخواست کی جس پر وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ماروی ٹرین دوبارہ شروع کرنےپر اتفاق کیا ۔ اسلام آباد سے ٹیلیفون پر میڈیا کے نمائندوں کوبتایا کہ ماروی ٹرین کی بحالی کےلیے اکتوبر میں وفاقی وزیر ریلوے کےساتھ ایک فائنل میٹنگ ہوگی ، انشاءاللہ اکتوبر میں ماروی ٹرین کو دوبارہ شروع کردیا جائے گا ۔
ایم این اے لال چند مالہی کاکہنا تھاکہ ماروی ٹرین کا دوبارہ چلنا تھر سمیت علاقے کی عوام کےلیے ایک تحفہ ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت عوام کے مسائل کےحل کےلیے کام کررہی ہے ۔ عمرکوٹ کے شہری ، سماجی و عوامی حلقوں نے ایم این اے لال مالہی کی کاوشوں پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے توقع کی ہےکہ عوامی مطالبے پر ماروی ٹرین جلد شروع کی جائے گی۔