’مجھے خلائی مخلوق سینکڑوں بار اغوا کرچکی ہے‘ آدمی کا ایسا دعویٰ کہ سائنسدان بھی سر پکڑلیں

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) خلائی مخلوق کے وجود کے متعلق دنیا میں دو آراءپائی جاتی ہیں تاہم اس امریکی شخص نے اس حوالے سے ایسا دعویٰ کر دیا ہے کہ سن کر آپ کی حیرت کی انتہاءنہ رہے گی۔
ڈیلی سٹار کے مطابق سٹیو کولبرن نامی اس شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے خلائی مخلوق سینکڑوں بار اغواءکرچکی ہے اور خلائی مخلوق کے ہاتھوں اغواءہونے کی وجہ سے ہی نہ صرف اس کی شادی ٹوٹ چکی ہے بلکہ اس کو نوکری سے بھی اسی وجہ سے نکال دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سٹیو کولبرن نے بتایا ہے کہ ہر بار خلائی مخلوق مجھے اغواءکرکے لیجاتی اور ویسے ہی مجھے واپس چھوڑ دیا جاتا لیکن ایک بار انہوں نے میرے ایک بازو میں ایک ’نینو چِپ‘ (Nano chip)امپلانٹ کر دی اور اس بار ہی میری بیوی نے مجھ سے طلاق لے لی اور مجھے نوکری سے بھی نکال دیا گیا۔ میرا یقین ہے کہ اس چِپ میں ایسا کچھ تھا جس کی وجہ سے میری زندگی میں یہ افسوسناک واقعات ہوئے۔
سٹیو نے بتایا کہ خلائی مخلوق کے ساتھ میرا واسطہ سالوں قبل پڑا۔ پہلی بار میں نے خلائی مخلوق کی ایک اڑن طشتری کو اپنے گھر کے قریب لگے ناشپاتی کے ایک درخت کے اوپر معلق ہوا میں منڈلاتے دیکھا۔ پھر اڑن طشتری سے ایک سبز رنگ کی روشنی نکلی اور مجھے کھینچ کر اڑن طشتری میں لے گئی۔ اس طریقے سے ہر بار مجھے اغوا ءکیا گیا۔ جس بار میرے بازو میں چِپ نصب کی گئی اس بار مجھے ایک میڈیکل سٹیشن میں لیجایا گیا تھا اور ایک میز پر لٹا کر یہ پروسیجر کیا گیا۔ ان کے پاس ایک ڈیوائس تھی جو سٹین لیس سٹیل کی ایک ٹیوب کی مانند تھی جس میں فائبر آپٹک بھرا ہوا تھا اور اس کے ایک سرے پر ایک ڈیوائس لگی ہوئی تھی جس کے ذریعے انہوں نے میرے جسم میں چِپ داخل کی۔