خاتون کا ٹیسلاکے بانی کی سوتیلی بہن ہونے کا دعویٰ، ایلون مسک کے والد سے رابطہ بھی کرلیا، پھر کیا ہوا؟

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک خاتون نے ٹیسلا اور سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کی سوتیلی بہن ہونے کا دعویٰ کر دیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس 46سالہ خاتون کا نام ریئٹے نیل (Riette Nel)ہے ۔ ریئٹے کی والدہ کا نام ریانا وین ڈیوینٹر تھا جس کی 2019ءمیں موت واقع ہوئی۔ اس نے بستر مرگ پراپنے جیریٹ نامی بیٹے کو بتایا کہ اس کی سوتیلی بہن ریئٹے کا باپ ایرول مسک ہے۔
جیریٹ نے میل آن لائن سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ”میری ماں نے مجھ سے کہا تھا کہ میں یہ بات اپنی سوتیلی بہن سے مخفی رکھوں لیکن میں نے رواں سال جنوری میں ریئٹے کو یہ بات بتا دی۔ یہ مبینہ راز معلوم ہونے پر ریئٹے نے ایلون مسک کے باپ ایرول مسک سے رابطہ بھی کیا اور اسے اپنی والدہ ریانا کی تصویر بھیجی۔ تاہم ایرول نے ریئٹے کا باپ ہونے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اس تصویر میں موجود خاتون کو وہ زندگی میں کبھی نہیں ملے۔ ایرول کی طرف سے ریئٹے کو ڈی این اے ٹیسٹ کی پیشکش بھی کی گئی۔
ریئٹے اب برٹش کولمبیا، کینیڈا میں رہتی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ”میری نظر ایلون مسک کی دولت پر نہیں ہے۔ مجھے ایرول یا ایلون سے کچھ نہیں چاہیے۔ میں صرف اتنا جاننا چاہتی ہوں کہ آیا میرا ان کے ساتھ کچھ رشتہ ہے یا نہیں۔ میں اپنے باپ کے بارے میں جاننا چاہتی ہوں۔“
واضح رہے کہ رئیٹے کی پیدائش 1975ءمیں جنوبی افریقہ میں ہوئی تھی اور اس کی پیدائش کی رجسٹریشن میں باپ کا نام درج نہیں کرایا گیا تھا۔ اسے بتایا گیا تھا کہ رینی نامی ایک فیملی فرینڈ اس کا باپ ہے لیکن ریئٹے اور رینی کبھی ایک دوسرے کے قریب نہیں آ سکے۔