افغانستان کی مدد کیوں ضروری ہے؟ وزیر اعظم نے امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں اصل وجہ بتادی

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے مستقبل کے بارے میں پیشگوئی نہیں کی جاسکتی، طالبان کو اپنی بقا کیلئے عالمی مدد کی ضرورت ہے، ہمیں افغانستان کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہاں صورتحال کنٹرول میں رہے۔
امریکی ٹی وی چینل سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم کہا کہ افغانستان کی صورتحال پریشان کن ہے، خطے کا امن افغان عوام سے جڑا ہے، افغانیوں نے 20 سال میں بہت قربانیاں دی ہیں، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہشمند ہے۔ افغانستان کوغیرملکی فوج سے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا، افغانستان میں کیا ہونے والا ہے اس کی پیشگوئی نہیں کی جاسکتی، افغان اس وقت تاریخی دو راہے پر کھڑا ہے اسے دہشتگردی کا سامنا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان عالمی سطح پر خود کو تسلیم کرانا چاہتے ہیں، طالبان کواپنی بقا کے لیےعالمی مدد کی ضرورت ہے، افغانستان اگرغلط سمت میں گیا تو نتیجہ تباہی ہوگا، ہمیں افغانستان کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہاں صورتحال کنٹرول میں رہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان طالبان پر حملہ کیسے کرسکتا تھا، پاکستان پر تو خود حملے ہو رہے تھے، پاکستانی طالبان ریاست کے خلاف جنگ کررہے تھے، اگر میں حکومت میں ہوتا تو امریکہ کو واضح طور پر کہتا کہ یہ ممکن نہیں کہ اپنے ہی لوگوں سے جنگ کروں۔
افغان خواتین کے حوالے سے عمران خان نے کہا اگر کسی کا یہ خیال رہے کہ وہ باہر سے افغان خواتین کو حق دلا سکتا ہے تو وہ غلط ہے، افغان خواتین بہت مضبوط ہیں انہیں تھوڑا وقت دیں وہ خود ہی اپنا حق لے لیں گی۔