’جوبائیڈن نے فون نہیں کیا‘ وزیر اعظم کا امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں انکشاف

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے انہیں ممکنہ طور پر اپنی مصروفیات کے باعث تاحال فون نہیں کیا۔
امریکی ٹی وی چینل سی این این کو انٹرویو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ ان کی افغانستان میں طالبان کے آنے کے بعد سے امریکی صدر سے بات نہیں ہوئی، جوبائیڈن نے فون نہیں کیا، وہ مصروف شخصیت ہیں، امریکہ سے تعلق ایک فون کال کا محتاج نہیں ہے۔
میزبان بیکی اینڈرسن نے سوال کیا کہ ’پاکستان امریکہ کا سب سے بڑا نان نیٹو اتحادی ہے، اس کے باوجود صدر جوبائیڈن نے عہدہ سنبھالنے کے بعد آپ کو فون کال نہیں کی، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ یہ پاکستان کو امریکی فوجیوں کو مارنے والے طالبان کی حمایت کرنے کی سزا دی جا رہی ہے؟‘
اس سوال پر وزیر اعظم نے لمبی آہ بھرتے ہوئے کہا کہ یہ تو آپ کو ان سے پوچھنا چاہیے کہ انہوں نے ابھی تک فون کیوں نہیں کیا لیکن ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ نائن الیون کے بعد امریکی اتحادی بننے اور ان کی جنگ میں شامل ہونے کے بعد پاکستان نے سب سے زیادہ قیمت ادا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو کرائے کی ایک بندوق سمجھا، پاکستان کسی بھی دوسرے ملک کو جنگ جیتنے میں مدد نہیں دے سکتا۔ پاکستان سے عدم اعتماد کی وجہ زمینی حقائق سے امریکہ کی قطعی لاعلمی ہے۔
’جوبائیڈن مصروف آدمی ہے اس لیے مجھے فون نہیں کیا‘ وزیر اعظم عمران خان نے سی این این کو انٹرویو میں وجہ بتادی pic.twitter.com/lPHQJP8Mmm
— sarfraz raja (@Sarfraz_Raja90) September 15, 2021