’پی سی بی لا پرواہی کا مظاہرہ کر رہا ہے، یہ مجھے کنٹریکٹ دے کر قابو کرنا چاہتے ہیں ‘ محمد عامر کا پی سی بی پر ایک اور حملہ

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )ڈومیسٹک کنٹریکٹ دینے کے معاملے پر محمد عامر پاکستان کرکٹ بورڈ سے خفا ہو گئے ۔ان کا کہنا ہے کہ میں انٹر نیشنل کرکٹ نہیں کھیل رہا تو پھر مجھے ڈومیسٹک کرکٹ کا کنٹریکٹ کیوں دیا جا رہا ہے، یہ کنٹریکٹ دے کر وہ مجھے قابو کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہو گا ۔ ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں میرا نام شامل کرنے سے پہلے پی سی بی کو مجھ سے رابطہ کرنا چاہیے تھا، پی سی بی میں مختلف عہدوں پر کام کرنے والے لوگ پڑھے لکھے ہیں لیکن پھر بھی وہ لا پرواہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے ڈومیسٹک کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا اور قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر محمد عامرکو بھی آفر کی گئی تاہم محمد عامر کا کہنا ہے کہ انہیں بتائے بغیر کنٹریکٹ دیا گیا، سوچیں گے کیا کرنا ہے۔ محمد عامر نے بیان دیا کہ انہیں بتائے بغیراے کیٹگری میں شامل کیا گیا،فوری دستخط کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ویسٹ انڈیز سے انگلینڈ جائیں گے اور اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں، ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی ہے یا نہیں۔
خیال رہے کہ نئے کنٹریکٹ سے بڑے بڑے کھلاڑی محروم رہ گئے ہیں،کرکٹرسرفرازاحمد، کامران اورعمراکمل کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ نہیں دیا گیا۔ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی اے پلس کیٹگری میں خوشدل شاہ، عبداللہ شفیق اور نسیم شاہ سمیت 10کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے جبکہ محمد عامر کو اے کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عامر اے کیٹگری ملنے پر نا خوش ہیں ۔