جنوبی کوریا کا مسافر طیارہ ہیرو شیما ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پھسل گیا،22افراد زخمی
اوساکا (اے پی پی) جنوبی کوریا کا مسافر طیارہ جاپان کے ہیرو شیما ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پھسل گیا جس کے نتیجہ میں 22افراد زخمی ہوگئے۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی کوریا کی ایشیانہ ایئر لائنز کا اے 320 طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر نصف فاصلہ طے کرنے کے بعد رن وے سے اتر گیا اور اس کا رخ آنے والی سمت کی طرف ہوگیا۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لینڈنگ کے وقت طیارے کے ایک ویل میں رن وے سے صرف6.4 میٹر بلند تار پھنس گئی تھی۔ طیارے میں 73 مسافر اورعملے کے 8 ارکان سوار تھے جن میں 46جاپانی، 9چینی ،8جنوبی کوریائی، دو کینیڈین، دو امریکی اور دو سویڈن کے شہری تھے۔ حادثہ کے باعث ایئرپورٹ سے 35 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
حادثہ کی تحقیقات جاپان اور جنوبی کوریا کے ماہرین کررہے ہیں۔