ٹیوٹا جلد ایکسپو سینٹر میں جاب میلہ کا انعقاد کرے گی:عرفان قیصرشیخ

ٹیوٹا جلد ایکسپو سینٹر میں جاب میلہ کا انعقاد کرے گی:عرفان قیصرشیخ

  



لاہور(کامرس رپورٹر):ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) جلد ایکسپو سینٹر میں جاب میلہ کا انعقاد کرے گی۔ جاب میلہ کا مقصد ٹیوٹا اداروں کے فارغ التحصیل نوجوانوں کیلئے روزگار کا بندوبست کرنا ہے۔ایکسپو میں صوبہ بھر کی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ، تجارتی تنظیموں ، معروف ملٹی نیشنل کمپنیوں کو سٹال لگانے کیلئے مدعو کیا جائے گاتاکہ ٹیوٹا کے فارغ التحصیل طلباء کے بارے میں فوری انفارمیشن مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا کے فارغ التحصیل طلباء کے روزگار کے حوالے سے زونل اور ڈسٹرکٹ منیجرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، منیجرزحامد غنی انجم، عبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، اخترعباس بھروانہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا نے نوجوانوں کو یقینی روزگار فراہم کرنے کیلئے انڈسٹری کی مشاورت سے شارٹ کورسز کا کامیابی سے آغاز کر دیا ہے۔ انڈسٹری کے تجویز کردہ نئے کورسز جون میں دوسرے مرحلے میں شروع کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کورسز میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو بھی انڈسٹر ی میں روزگار کے یقینی مواقع میسر ہوں۔ بین الاقوامی سطح پر نوکریوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ٹیوٹا ماہر افرادی قوت کو جدید ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے کہا کہ اس وقت مڈل ایسٹ میں ہنر مندافراد کی اشد ضرورت ہے۔ ٹیوٹا ان کے ساتھ موثررابطہ کرکے اپنے اداروں سے ہنر مند افرادی قوت فراہم کرے گی تاکہ انہیں ماہر افرادی قوت کی یقینی دستیابی ہوسکے۔گزشتہ دنوں دبئی کی مرکری مینا کمپنی نے ٹیوٹا کے 150فارغ التحصیل نوجوانوں کو الیکٹریشن ٹریڈ میں شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔ اس انٹرویو میں 300نوجوان پیش ہوئے ۔ باقی ماندہ 150نوجوانوں کو دیگر مرحلوں میں نوکریاں مل جائیں گی۔ٹیوٹا کے ان اقدامات سے نہ صرف ملکی سطح پر بیروزگاری کاخاتمہ بلکہ غیر ملکی زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

مزید : کامرس


loading...