راولپنڈی چیمبر کی کابل میں تیسری میڈ ان پاکستان نمائش کا افتتاح

راولپنڈی چیمبر کی کابل میں تیسری میڈ ان پاکستان نمائش کا افتتاح

  



 راولپنڈی (کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تین روزہ تیسری میڈ ان پاکستان نمائش افغانستان کے دارلحکومت کابل میں شروع ہو گئی ہے جو 17اپریل تک جاری رہے گی ، جس میں مختلف مصنوعات کے60سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں ،نمائش کا افتتاح مہمان خصوصی وافاقی وزیر برائے تجارت خرم دستگیر نے کیا جبکہ سیکرٹری کامرس ارباب شہزاد ، افغان وزیر تجارت مزمل شنواری ،افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر سید ابرار حسین ،پاک افغان چیمبر کے صدر خان جان الکوزے ، راولپنڈی چیمبر کے وفد کے سربراہ اور سابق صدر ڈاکٹر شمائل داؤد آرائیں ، خورشید برلاس اور دیگر بھی موجو دتھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہاکہ راولپنڈی چیمبر ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردارادا کر رہا ہے اور مقامی مصنوعا ت کو دنیا بھرمیں متعارف کروا رہاہے تمام چیمبر ز کو راولپنڈی چیمبر کی تقلید کرنی چاہیے،انہوں نے کہاکہ پاکستانی مصنوعات کی سارک ممالک اورخاص طور پر افغانستان میں بہت مانگ ہے حکومت کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کررہی ہے تاکہ عالمی منڈیوں میں مقابلے کی فضاء قائم کر کے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی لحاظ سے نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور ان حالات میں اس طرح کی نمائشوں کے انعقاد سے ملک میں تجارتی سر گرمیوں کو فروغ ملے گا ، سارک اور ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، حکومت کاروباری برادری کے شانہ بشانہ کام کرنے کو تیار ہے  اور سمجھتی ہے کہ کاروباری برادری کے تعاون سے ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے ۔انہوں نے راولپنڈی چیمبر کے عہدیداران کو وزارت کی طرف سے بھر پور سپورٹ کا یقین دلایا ۔ قبل ازیں راولپنڈی چیمبر کے سابق صدر اور وفد کے سربراہ ڈاکٹر شمائل داؤد نے کہا کہ برآمدات کے فروغ میں راولپنڈی چیمبر کا کردار ناقابل فراموش ہے جس کا ثبوت حکومت کا چیمبر کی سنگل کنٹری نمائشوں کو سراہناہے،راولپنڈی چیمبر اب تک کئی میڈ ان پاکستان نمائشوں کا انعقاد کر چکا ہے جن میں لندن ،وسطی ایشیائی ریاستوں اور تمام سارک ممالک میں منعقد کی گئی ہیں،چیمبر مستقبل میں نمائشوں کے دائرہ کار کو امریکہ اور افریکا تک پھیلانے کا ارادہ رکھتا ہے ،ہمسایہ ممالک اور خاص طور پر سارک ممالک میں نمائشوں کا انعقاد چیمبر کی ترجیحات میں شامل ہے اور آج اسی سلسلے میں منعقد کی گئی نمائش اس بات کی غمازی ہے کہ راولپنڈی چیمبر برآمدات کے فروغ اور ہمسایہ ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی میں کس قدر سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی چیمبرکابل میں تیسری یک ملکی نمائش کا اہتمام کر رہاہے، اب افغان بھائیوں کو بھی پاکستان میں میڈ ان افغانستان نمائش کی دعوت دیتے ہیں تا کہ باہمی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ تقریب سے افغان وزیر ، پاک افغان چیمبر کے صدراور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا ۔

مزید : کامرس


loading...