مطالبات کی عدم منظوری ‘ سرکاری ملازمین کا آج سے احتجاجی تحریک چلانیکا اعلان

مطالبات کی عدم منظوری ‘ سرکاری ملازمین کا آج سے احتجاجی تحریک چلانیکا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( خبرنگار) پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے ایک مرتبہ پھر احتجاجی تحریک چلانیکا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سرکاری ملازمین کی تنظیم ایپکا ( چودھری محمد افضل گروپ) نے آج لاہور سمیت پنجاب بھر کے دفاتر میں مکمل ہڑتال ، احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے ایپکا کے مرکزی عہدیداروں سلطان مجددی، ندیم چغتائی اور عبدالشکور نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا کہ حکومت نے پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین کو مسلسل نظر انداز کر رکھا ہے جس میں پنجاب حکومت نے متعدد بار یقین دہانیوں اور وعدوں کے باوجودٹال مٹول سے کام لیا ہے ۔ اب حکومت سے مذاکرات کی بجائے احتجاجی راستہ اختیار کر لیا گیا ہے اور آج سے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری دفاتر کا مکمل بائیکاٹ کیا جارہاہے اور لاہور میں کینال روڈ پر ایریگیشن کے دفتر سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اس موقع پر کینال روڈ پر ٹریفک کے نظام کو معطل کر دیا جائے گا۔ ایپکا کے رہنما ندیم چغتائی نے بتایا کہ دھرم پورہ پل پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور بعد میں پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی ۔ اس کے باوجود مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو 7 مئی کو ایوانِ وزیر اعلیٰ کا گھیراؤ کیاجائے گا جس میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے سرکاری ملازمین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔