امریکا ، اسرائیل اور بھارت سب سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالی کررہے ہیں،افتخارحسین

امریکا ، اسرائیل اور بھارت سب سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالی کررہے ...

  



لاہور( انٹرویو:دیبا مرزا تصاویر:ندیم احمد ) ہیومن رائٹس ویلفیئرفورم کے صدرافتخارحسین نے کہا ہے کہ نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار امریکا ، اسرائیل اور بھارت سب سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالیوں میں مصروف ہیں کشمیراور فلسطین سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے بدترین مظالم پر انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی خاموشی افسوس ناک ہے بد قسمتی سے اقوام متحدہ اپنے منشور پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا ہے ، کشمیر اور فلسطین سمیت دیگر خطوں میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں اور خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ اپنے منشو ر کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنائے تو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا راستہ روک کر دنیا کو پر امن بنانے کا خواب شرمندہ تعبیرکیا جا سکتا ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے" روز نامہ پاکستان " کو انٹر ویو دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسانی معاشرے میں عوام کو آئینی حقوق اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی اوالین ذمہ داری ہوتی ہے۔ لیکن پاکستانی حکمران عوام کے بنیادی آئینی حقوق کا تحفظ کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہیں ہیں اور بد قسمتی سے پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ گئی ہے، سٹریٹ کرائم میں سو فیصد اضافہ ہونے کی وجہ سے عوام خوفزدہ ہیں غریب عوام کی تھانے میں شنوائی نہ ہو نے سے مایوسیاں بڑھتی جا رہی ہیں ، حکومت اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، انسانی حقوق کی پاسداری حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن حکومت اپنی اس اہم ترین ذمہ داری سے غافل ہے اسی وجہ سے پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اپنے عروج پرہیں ،انسانی حقوق سے متعلق قوانین توموجود ہیں لیکن ا ن پرعمل درآمد نہیں کیا جاتا ۔انہوں نے کہا کہ اگرحکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے توانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاراستہ روک کرایک مثالی معاشرے کی تشکیل کا خواب پورا کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس 60 فیصد آبادی غربت کی نچلی سطح پرزندگی گزارنے پرمجبورہے ،33 فیصد بچوں کوتعلیم اورچالیس فیصد آبادی کوصحت کی بنیادی سہولیات میسرنہیں ہیں،وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کے سبب پاکستان میں غربت ،مہنگائی ،اقرباپروری ،کرپشن سمیت دیگرمعاشرتی برائیوں نے عوام کوحساس محرومی میں مبتلا کردیا ہے ۔ہیومن رائٹس ویلفےئر فورم کے صدر افتخار حسین نے کہا کہ امن انصاف کی پیداوارہے اور لوگوں کو انصاف دئیے بغیر معاشرے میں امن قائم نہیں ہو سکتا

مزید : میٹروپولیٹن 1