الیکشن کمیشن وزراء کو کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں غیرضروری مداخلت سے روکے،میں نصیر
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے رہنما نصیر احمد نے اپنے بیان میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلم لیگی وفاقی و صوبائی وزراء، ایم پی اے، ایم این اے کو کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں غیرضروری مداخلت سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے اور جمہوریت کی بحالی کے لئے جدوجہد کی ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کا جماعتی بنیادوں پر الیکشن کا انعقاد پیپلز پارٹی کی سیاسی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن جیتنے کے لئے میڈیا کے ذریعے وزراء، ایم پی اے، ایم این اے کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں جو کہ الیکشن میں اثراندازی ہونے کی انتہائی بھونڈی کوشش ہے۔ وزراء انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر ترقیاتی منصوبوں اور دیگر معاملات ڈیل کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن پنجاب میں اپنے سابق 5 سالوں اور موجودہ 2 سالوں کی بدترین کارکردگی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔ کیونکہ موجودہ 2 سالہ دور میں مسلم لیگ ن کوئی بھی وعدہ وفا نہیں کر سکی ہے بلکہ عوام سے آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ تعلیم، صحت، امن و امان، بجلی، گیس اور زندگی کے تمام شعبہ جات میں مسلم لیگ ن ناکام ہو چکی ہے۔ شکست کے خوف سے تمام مسلم لیگی حکومتی عہدیدار کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں مداخلت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار اپنی کارکردگی کی بنیاد پر پہلے کی طرح بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔