پنجاب حکومت گھریلودستکاریوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے،اشفاق سرور

پنجاب حکومت گھریلودستکاریوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے،اشفاق سرور

  



 لاہور( خبرنگار) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پاکستانی کلچر اور روایات کی عکاس گھریلودستکاریوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ہینڈی کرافٹس سے وابستہ ہنر مند افرادکی حوصلہ افزائی اور مصنوعات کو بین الاقوامی مارکیٹ میں روشناس کرانے کے لیے غیر سرکاری تنظیموں کو بھرپور تعاون فراہم کریں گے ۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز دیہی و دور دراز علاقوں میں گھریلو دستکاریوں سے منسلک غریب اور نادار افراد کو جدید تربیت اور ان کی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے والی این جی او آہن (AHAN) کی چیئر پرسن شیریں ارشد خان کی قیادت میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔صدر ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان طاہرہ نسیم ، ایم پی اے ڈاکٹر عالیہ آفتا ب، نوید شیخ ، ڈاکٹر جاوید گل و دیگر ارکان وفد میں شامل تھے۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے’’ ایک ہنر ایک ‘‘کے منشور کے تحت کام کرنے والی این جی او آہن کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان بھر کے دور دراز علاقوں میں اپنی مخصوص دستکاریوں میں مہارت رکھنے والے افراد کی سرپرستی اور ان کے فن کو مزید جدت دینے کے لیے تربیت اور مصنوعات کی اندرون و بیرون ملک مارکیٹنگ اور بہتر قیمت پر فروخت میں بھرپور تعاو ن کے لیے آہن کا کردار قابل ستائش ہے ۔راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کم وسیلہ اور چائلڈ و جبری مشقت کے خاتمے اور ان کے اہل خانہ کی بحالی کے لیے 5.2ارب روپے سے ایک خصوصی منصوبہ شروع کیا جس سے ہینڈی کرافٹ سے وابستہ نادارطبقہ بھی استفادہ کرے گا۔ چیئر پرسن آہن شیریں ارشد خان نے کہا کہ پاکستان کے 65اضلاع میں ٹیکسٹائل ، سرامکس، سلور ،وڈ اور لیدر کے شعبوں میں ہینڈی کرافٹس سے وابستہ افراد کی سکل ڈویلپمنٹ ، مالی امداد اور ان کی مصنوعات کے فروغ کے علاوہ ہنر مند افراد کی استعداد کار میں اضافے اور مقامی میٹریل سے مقامی لوگوں کی دستکاریوں کی پذیر ائی کے لیے کام کررہے ہیں ر۔مقامی لوگوں کی تیارکردہ ان ہینڈی کرافٹس کو تھائی لینڈ، جاپان، ملائیشیا ، چائنہ و دیگر ممالک میں بے حد پسند کیا جارہاہے۔ انہوں نے ہوم بیسڈ ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مڈل مین کے استحصال سے بچانے کے لیے حکومت پنجاب اور وزیرمحنت راجہ اشفاق سرورکی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...