جید علماء کاحرمین شریفین کے دفاع کے لیے بھرپور تحریک چلانے کا اعلان

جید علماء کاحرمین شریفین کے دفاع کے لیے بھرپور تحریک چلانے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(اے این این)انصارالامہ پاکستان کے سربراہ و تحریک دفاع حرمین شریفین کے مرکزی رہنماء مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاہے کہ حرمین شریفین کادفاع اسلامی تعلیمات کے مطابق مسلمانوں کا فرض ہے اس نازک موقع پر پاکستان سعودی عرب کابھرپور ساتھ دے ،پوری دنیا نے حوثیوں کو باغی اوردہشت گردقراردیاہے ،سعودی حکومت کی یمن کے باغیوں کے خلاف کارروائی کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک دفاع حرمین شریفین کے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں مولانا عبدالرؤف فاروقی ، مولانا احمد لدھیانوی،مفتی حمید اللہ جان ، عبدالطیف خالد چیمہ،مولانا قاضی عبدالرشید،مولانا نذیر فاروقی ، مفتی مجیب الرحمن، مولانافاروق کشمیری،مولانا شبیر کشمیری، مولانا سید چراغ الدین شاہ، تاجررہنماء کاشف چودھری ،طارق اسد ایڈووکیٹ، اجمل بلوچ ،پیر سیف اللہ خالد ،مولانا عبدالخالق،مولانا عبدالسلام و دیگر نے شرکت کی ۔ مولانا فضل الرحمن خلیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب چیخ کر کہہ رہاہے کہ ہمیں خطرہ ہے پاکستان ہماری مدد کرے جبکہ ہماری حکومت قرارداد کابہانہ بناکر حرمین کے دفاع سے ہچکچا رہی ہے ۔سعودی عرب کا مسئلہ انتہائی حساس مسئلہ ہے اس کو شیعہ سنی،سیاسی ،علاقائی اور دوملکوں کا معاملہ نہ سمجھا جائے بلکہ یہ عقیدے اور دین کا مسئلہ ہے ۔حرمین کے دفاع کے لیے پوری امت مسلمہ کابچہ بچہ کٹ مرنے کوتیارہے یمن کے باغیوں کو کسی بھی ملک نے تسلیم نہیں کیا ہے اس لیے ان کے خلاف سعودی حکومت کی کارروائی نہ صرف جائز بلکہ بین الاقوامی اصولوں کے عین مطابق ہے پاکستان سعودی عرب کی کارروائی کی نہ صرف حمایت کرے بلکہ ہر قسم کاتعاون بھی کرے ۔انہوں نے کہاکہ یہ عجیب بات ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کواپنا بڑا بھائی قراردیااور ہم سے مدد مانگی مگر ہم پارلیمنٹ کی قرارداد کے پیچھے چھپ کر اپنی ذمہ داریوں سے کوتاہی برت رہے ہیں ۔وزیر اعظم نواز شریف نے اگرچہ وضاحت کردی ہے مگر ہم سمجھتے ہیں کہ اس وقت سعودی عرب کی کھل کر حمایت کرنے کی ضرورت ہے ایک عالمی سازش کے تحت شام ،عراق ،یمن اوربحرین کی طرف سے سعودی عرب کا گھیراؤ کیا گیاہے اورکچھ ممالک یمن کے باغیوں کو نہ صرف اسلحہ فراہم کررہے ہیں بلکہ اطلاعات مطابق ان باغیوں کی فوجی معاونت بھی کررہے ہیں ۔ حرمین شریفین

مزید :

علاقائی -