حافظ آباد:6 ڈاکوؤں نے مختلف افراد سے نقدی ، موٹرسائیکل ودیگر سامان چھین لیا
حافظ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) حافظ آباد کے نواحی گاؤں کھنہ بھٹیاں کے قریب 6مسلح ڈاکوؤں نے مختلف افراد سے موٹر سائیکل، طلائی زیورات، موبائل فون اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد نقدی لوٹ لی ۔ جلالپور بھٹیاں پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو ڈاکوموٹر سائیکلیں چھوڑ کر فرار ہوگئے جس پر پولیس نے ڈاکوؤں کے زیر استعمال دو موٹر سائیکلوں کے علاوہ ایک چھینی موٹر سائیکل بھی قبضہ میں لے لی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز دو بلانمبری موٹر سائیکلوں پر 6مسلح ڈاکو کھنہ بھٹیاں بند پرآئے جہاں انہوں نے اسلحہ کے زور پر کولو تارڑ کے رہائشی طیب منیر تارڑ سے موٹر سائیکل نمبری 47-HZAچھین لیا۔ اسی دوران نواحی گاؤں بکن کلاں کا رہائشی امان اﷲتارڑ بھی اپنی بیوی کے ہمراہ وہاں سے گزر رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے انہیں روک کر ایک موبائل فون ، تین تولے طلائی زیورات اور 20ہزار روپے نقدی لوٹ لی ۔علاوہ ازیں ڈاکوؤں نے یہاں پر ہی چک بھٹی کے رہائشی محمد افضل رحمانی کو روک کر اس سے بھی ایک موبائل فون اور ایک لاکھ روپے نقدی لوٹ لی جبکہ مذکورہ ڈاکوؤں نے کار نمبری 3033.GAWکوروک کر اس میں سوار افراد رانا عبدالرشید، محمد اویس اور خالد محمود سے دو عدد موبائل فونز اور 30ہزار نقدی لوٹ لی ۔اس دوران اطلاع ملنے پر جلالپور بھٹیاں پولیس نے ایس۔ایچ۔اوملک غلام عباس کھچی کی قیادت میں ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تومڈرانجھا کے قریب ڈاکوؤں نے موٹر سائیکلیں چھوڑ کر ایک بیلہ میں پناہ لے لی جہاں دو گھنٹے تک پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔ بعد ازاں ڈاکو بیلہ سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ایس۔ایچ۔او ملک غلام عباس کھچی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈاکوؤں کے نام ٹریس کرلےئے ہیں جنہیں صیغہ راز میں رکھا جارہا ہے اور بہت جلد انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔