بیرونی تاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے سے باز رہیں ‘ جنرل راحیل شریف

بیرونی تاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے سے باز رہیں ‘ جنرل راحیل شریف

  



 کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی ،اے این این) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وارننگ دی ہے کہ بیرونی قوتیں اورغیرملکی خفیہ ایجنسیاں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے سے بازرہیں۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ میں گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ اور کمانڈر سدرن کمانڈ سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے ایف سی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، سیکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف ایف سی کے آپریشن میں پیش رفت کا جائزہ لیااورکہاکہ ملک دشمن طاقتوں کا پوری طرح مقابلہ کیاجائے گا ۔آرمی چیف نے تربت میں بیگناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل پرافسوس کا اظہار کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی کوئٹہ آمد پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کا استقبال کیا ۔اس موقع پر گورنر محمد جان اورکزئی ،وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک اور کمانڈر سدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے ان سے ملاقات کی جس میں سینئر ملٹری اور ایف سی افسران کے ساتھ دیگر اعلیٰ عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ انسپکٹر جنرل ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے بلوچستان آپریشن، صوبے میں امن و امان کی صورتحال، سانحہ تربت میں 20 مزدورں کے قتل کے بعد کی صورت حال اور سرچ آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اس موقع پر آرمی چیف نے دہشتگرد حملے میں نہتے مزدوروں کی ہلاکت کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے بلوچستان حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے، ریاست کی رٹ قائم رکھنے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ بیرونی قوتیں، غیر ملکی خفیہ ایجنسیاں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے سے باز رہیں،ایف ڈبلیو او صوبے میں ترقیاتی منصوبے جاری رکھے گی، ملک دشمن عناصر کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، ملک دشمنوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے، دہشت گردوں کے ہمدردوں اور سہولت کاروں کو شکست دیں گے۔ادھراسلام آبادمیں جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں فوج کے پیشہ وارانہ امور، آپریشنل تیاریوں اور بلوچستان سے متعلق معاملات پر بات چیت کی ۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق جنرل راحیل شریف نے دورہ کوئٹہ سے پہلے وزیراعظم سے ملاقات کی اور اپنے دورے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

مزید : صفحہ اول


loading...