نئے ایکشن کے ساتھ خود کو موثر ثابت کرنا مشکل نہیں ،دوسرا نہ چلا تو کیرم بال کروں گا : سعید اجمل
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ نئے ایکشن کے ساتھ خود کو موثر ثابت کرنا مشکل نہیں ہو گا اور اگر دوسرا نہ چلا تو کیرم بال کو حربے کے طور پر استعمال کروں گا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک انٹرویو میں آف سپنر سعید اجمل نے کہا کہ باؤلنگ ایکشن کے سبب پابندی کے دور میں بڑے سبق سیکھے اور دیکھا کہ لوگوں کے رویے کس طرح تبدیل ہوتے ہیں تاہم ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھنے کا سوچ رہا ہوں۔
سعید اجمل نے کہا کہ نئے انداز سے باؤلنگ کرتے ہوئے 19-20 فرق محسوس ہو گا،پابندی کے دوران نئی ورائٹیز پر بھی کام کیا اور آف سپن کے ساتھ ساتھ دوسرا بھی کامیابی کے ساتھ کرنے کےلئے پرامید ہوں۔ایک سوا ل کے جواب مایہ ناز سپنر نے کہاکہ طویل عرصے سے عالمی کرکٹ کھیل رہا ہوں لہٰذا نئے ایکشن کے ساتھ خود کو موثرت ثابت کرنا مشکل نہیں ہو گا، اگر کسی وجہ سے دوسرا نہ چل سکا تو ’کیرم بال‘ آزماؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش نے بھی ہماری طرح کوارٹر فائنل کھیلا ہے اور ہوم گراؤنڈ پر اسے کمزور حریف تصور نہیں کیا جا سکتا،ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن کے پاس اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے اور امید ہے کہ بنگلہ دیش میں کامیاب رہیں گے۔