جڑواں شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار، آزادکشمیرسمیت مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کاامکان

جڑواں شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار، آزادکشمیرسمیت مختلف علاقوں میں مزید ...
جڑواں شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار، آزادکشمیرسمیت مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کاامکان

  



 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ، مری اور آزاد کشمیر میں رم جھم سے سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے جبکہ خیبرپختونخواہ کے بعض علاقوں میں ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا،دریائے نیلم اور دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ روز سے جاری بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ نشیبی علاقے پانی میں ڈوب میں گئے۔ مردان اور صوابی میں بھی بارش اور ژالہ باری سے خنکی بڑھ گئی ۔ مری میں کئی روز کے گرم موسم کے بعد سرد ہوائیں چلیں تو سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے۔ کچھ دیر بعد ہی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ دریائے نیلم اور دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔

 محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ۔ گوجرانوالہ ، سرگودھا ، پشاور، کوہاٹ ، بنوں ، بالائی فاٹا ، مالاکنڈ ، ہزارہ اور گلگت بلتستان میں تیز ہواو¿ں کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔ دوسری طرف ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا۔ پنجاب ، سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے اکثر شہروں میں سورج دن بھر آنکھیں دکھاتا رہا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت آئندہ چند روز تک برقرار رہے گی۔

مزید : ماحولیات