جوڈیشل کمیشن، سیاسی جماعتوں نے مبینہ دھاندلی کے ثبوت اکٹھے کرنا شروع کر دیئے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) 2013ءکے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو ثبوت پیش کرنے کی مہلت ملنے کے بعد تمام جماعتیں متحرک ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس ہوا جس میں پیش ہونے والے سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے ثبوت جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کی جس پر جوڈیشل کمیشن نے 7 دن کی مہلت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق مہلت ملنے کے بعد تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں نے دھاندلی کے خلاف ثبوت اکٹھے کرنے شروع کر دیئے ہیں جو جلد ہی جوڈیشل کمیشن میں پیش کر دیئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی ٹاسک فورس نے 81 حلقوں میں دھاندلی کے ثبوت اکٹھے کر لئے ہیں جبکہ مزید کام جاری ہے۔ کمیشن میں پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ 2013ءکے انتخابا ت میں منظم انداز میںد ھاندلی کی گئی اور آر اوز کے ذریعے دھاندلی کے ثبوت جلد پیش کردیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف سمیت دھاندلی کا الزام لگانے والی دیگر سیاسی جماعتیں بھی آئندہ تین سے چار روز کے دوران مبینہ دھاندلی کے ثبوت کمیشن میں پیش کر دیں گی۔
دوسری جانب جوڈیشل کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصرالملک نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن تمام پہلوﺅں کا بغور جائزہ لینے اور دھاندلی کے ثبوت دیکھنے کے بعد نتائج کی پرواہ کئے بغیر رپورٹ مرتب کرے گا۔