شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کاوارد ٹیلی کام کیلئے سی ایس آر ایوارڈ
لاہور(پ ر) پاکستان کے سب سے قابل اعتماد اور صف اول کی سروسز فراہم کرنے والے ادارے‘وارد ٹیلی کام کوشوکت خانم میموریل ٹرسٹ کی جانب سے سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پرشوکت خانم سی ایس آر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ شوکت خانم سی ایس آر ایوارڈ وارد ٹیلی کام کی جانب سے منیجر کارپوریٹ کمیونیکیشن شہزاد احمد نے چیئر مین بورڈ آف گورنرز شوکت خانم میموریل ٹرسٹ عمران خان سے وصول کیا۔ وارد ٹیلی کام نے یہ ایوارڈ مسلسل پانچویں بارجیتاہے ۔شوکت خانم کی جانب سے ایوارڈ کیلئے کمپنی کے انتخاب میں سخت لائحہ عمل بنایا جاتا ہے ‘ جس کے بعد کمپنیوں کی اس ایوارڈ کیلئے نامزدگی ہوتی ہے اور بعد ازاں ایوارڈ جیتنے والی کمپنی کو ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے ۔ اس موقع پر چیئر مین بورڈ آف گورنرز شوکت خانم میموریل ٹرسٹ عمران خان نے کہا کہ ہم وارد ٹیلی کام کے سماجی کاموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور وار د ٹیلی کام کی جانب سے مستقل ایسے کاموں کی حمایت پر شکر گزار بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شوکت خانم کو ملنے والی امداد کا بڑا حصہ ایسے ہی ذمہ دار اداروں کی جانب سے آتا ہے ۔ ان کامزید کہنا تھا کہ پشاورمیں پاکستان کا دوسرا شوکت خانم ہسپتال تعمیر کرنا ایک مشکل کام تھا ‘تاہم یہ سنگ میل ہمارے خیر خواہوں کی غیر مشروط حمایت اور وارد ٹیلی کام جیسے بڑے اداروں کی جانب سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے عبور ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر بڑے اداروں کو بھی اس حوالے سے وارد ٹیلی کام کی تقلید کرنی چاہئے۔