کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ اور ٹرانسفر آف پلاٹ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت جلد کردیا جائے گا: چودھری نواز

کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ اور ٹرانسفر آف پلاٹ بائیو ...

لاہور (پ ر) تمام کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ اور ٹرانسفر آف پلاٹ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت جلد کردیا جائے گا۔ اس کا اظہار رجسٹرار کوآپریٹوز پنجاب چودھری محمد نواز کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹوز پنجاب کے اجلاس میں کیا گیا۔ جس میں محکمہ امداد باہمی پنجاب کے سینئر افسران اور صوبہ بھر سے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزیشن کا کام تیزی سے جاری ہے ضلعی سطح پر کوآپریٹوز سسٹم فراہم کردیا گیا ہے اور سٹاف کو ٹریننگ دے دی گئی۔ اس نظام پر عملدرآمد سے ایک طرف ممبران کے مفادات کا تحفظ ہوگا تو دوسری طرف کام میں شفافیت اور تیزی آئے گی۔ اجلاس میں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کی جانب سے کوآپریٹو سوسائٹیز کے ذریعے قرضہ جات کے اجراء اور وصولی اور بالخصوص غیر فعال قرضہ جات کی وصولی کا جائزہ بھی لیا گیا، رجسٹرار کوآپریٹوز پنجاب نے میدانی عملہ کو ہدایت کی کہ بینک نے فصل خریف 2016ء کیلئے قرضہ جات کا اجراء 11 اپریل 2016ء سے شروع کردیا ہے یہ قرضہ جات 30 جون 2016ء تک جاری کیے جائیں گے اور اس فصل کیلئے بینک نے 2500 ملین روپے کے قرضہ جات جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا ہوا ہے۔ انہوں نے سٹاف پر زور دیا کہ وہ فصل خریف 2016ء کیلئے قرضہ جات کے اجراء اور فصل ربیع 2015-16 ء کی وصولی مقرر کردہ ہدف کے مطابق مکمل کریں۔

مزید : کامرس