آل پاکستان بزنس فورم کا دو طرفہ تجارت میں اضافے کیلئے رومانیہ کا دورہ

آل پاکستان بزنس فورم کا دو طرفہ تجارت میں اضافے کیلئے رومانیہ کا دورہ

  

لاہور(آن لائن)آل پاکستان بزنس فورم کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے گزشتہ دنوں رومانیہ کا دورہ کیا جہا ں وفد نے رومانیہ کی وزارت امور خارجہ میں ایشیا پیسیفک کے ڈائریکٹر Aurelian NEAGU اور دیگر اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ بامقصد بات چیت کی۔اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافے اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کی نشاندہی کرنا تھا ۔رومانیہ کا دورہ کرنے والے آل پاکستان بزنس فورم کی قیادت فورم کے صدر ابراہیم قریشی کررہے تھے جبکہ وفد کے دیگر اراکین میں فورم کے جنرل سیکریٹری سید معاذ محمود اور اراکین بورڈ طاہر ملک اور عاصم شیخ شامل تھے۔وفد نے اپنے دورے کے دوران رومانیہ کے محکمہ فارن ٹریڈ کے ڈائریکٹر جنرلRadu Zaharia اور رومانیہ کے ڈیفنس انڈسٹری ڈپارٹمنٹ کے Lucian Lazar کے ساتھ بھی ملاقات کی اور دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔آل پاکستان بزنس فورم کے وفد نے ڈائریکٹر آف پراہواچیمبر آف کامرس، Bucharestچیمبر آف کامرس اور ILFOV چیمبر آف کامرس کے صدور کے ساتھ ساتھ رومانیہ سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں اور انٹر پرینیورز سے بھی نہایت مفید ملاقاتیں کیں۔آل پاکستان بزنس فورم کے وفد کے اعزاز میں رومانیہ میں پاکستان کے سفیر کی جانب سے پاکستانی سفارتخانے میں ایک استقبالیہ بھی دیا گیا جہاں وفد کے اراکین میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔رومانیہ کی وزارت امور خارجہ کے سینئر اہلکاروں نے وفد کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافے کیلئے نئی راہیں ہموار ہوں گی،اس موقع پر رومانیہ کی وزارت امور خارجہ کی جانب سے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافے کے حوالے سے پاکستان میں اٹلی کے سفیر Emilian Ion کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا اور اس ضمن میں انہیں بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا گیا ۔

اس موقع پر آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی نے رومانیہ کی تاجر قیادت پر دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان مذاکرات کے ذریعے رومانیہ کے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف شعبوں کی نشاندہی میں آسانی ہوگی،اس موقع پر انہو ں نے حکومت پاکستان کو مختلف شعبوں میں اصلاحات کامشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی اور ریگولیشن میں اصلاحات لا کر انہیں تجارتی اور صنعتی شعبوں میں نافذ کیا جائے ،واضح رہے کہ آل پاکستا ن بزنس فورم گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے اور ملکی معاشی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے ۔

مزید :

کامرس -