سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ریٹائرڈ ملازمین کیلئے پلاٹوں کی قرعہ اندازی

سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ریٹائرڈ ملازمین کیلئے پلاٹوں کی قرعہ ...

لاہور ( اپنے خبر نگار سے) پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پنجابی کمپلیکس لاہو رمیں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لئے292 رہائشی پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے قرعہ اندازی کی تقریب ہوئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔صوبائی سیکرٹری کوآپریٹوز بابر حیات تارڑ جن کے پاس پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی ہے ، نے اس موقع پر حال ہی میں اپنی مدت ملازمت پوری کر کے ریٹائرہونے والے ایسے سرکاری ملازمین کو رہائشی پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیاجو فاؤنڈیشن کے باقاعدہ ممبر ہیں اور انہو ں نے اپنی تنخواہوں سے ماہانہ ایک متعینہ رقم کی کٹوتی کے بدلے ملتان اور بہاولپور میں رہائشی پلاٹوں کی فراہمی کوپہلی ترجیح کے طورپر اپنایا تھا۔تقریب میں قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے سرکاری ملازمین کے استحقاق کے مطابق ایک کنال رقبے کے 27 رہائشی پلاٹ اور دس مرلہ کے 265 پلاٹ مالکانہ حقوق کی بنیاد پر دینے کا اعلان کیا گیا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوپنجاب جواد رفیق ملک، سپیشل سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ خالد محمود اور دیگر سینئر افسران بھی قرعہ اندازی کے موقع پر موجود تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1