تھانوں میں مامور ایڈمن افسران کی تربیت کا محور ہی خدمت خلق ہے :امین وینس

تھانوں میں مامور ایڈمن افسران کی تربیت کا محور ہی خدمت خلق ہے :امین وینس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)تھانہ کلچر میں تبدیلی حکومت کا ویژن ہے جس کے لیے ماضی میں بھی بہت کام کیا گیا مگر ان کاوشوں کے خاطر خواہ نتائج حاصل نہ ہو سکے لیکن لاہور پولیس کی موجودہ لیڈر شپ نے تھانوں میں ایڈمن افسروں کے پراجیکٹ کے آغاز سے تھانہ کلچر کو حقیقی معنوں میں تبدیلی کی جانب گامزن کر دیا ہے اورایڈمن افسر جس دلجمعی اور لگن سے فرائض سرا نجام دے رہے ہیں اس کے نہ صرف خوشگوار نتائج سامنے آرہے ہیں بلکہ تھا نے میں سائلوں کے ساتھ بدسلوکی اورسخت رویہ کی شکایات نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہیں ۔ اِن خیالات کا اظہار وفاقی وزیر پیداوار راناتنویر نے گذشتہ روزپولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایڈمن افسروں کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر) محمد امین وینس ،ایس ایس پی انوسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرااور ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کے علاوہ لاہور کے 84تھانوں کے آپریشنز و انوسٹی گیشن ونگ کے ایڈمن افسران بھی موجود تھے ۔سی سی پی او نے ایڈمن افسروں کی کارکردگی کے حوالے سے بتایا کہ رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران ایڈمن افسروں کو مختلف نوعیت کی8620 درخواستیں مومول ہوئیں جن میں سے8545درخواستوں پر قانونی کاروائی 24گھنٹے سے ایک ہفتے کے دوران عمل میں لائی گئی جبکہ صرف 70درخواستیں جن میں مختلف شہریوں کو چوری ، فراڈ، امانت میں خیانت سمیت مختلف دفعات کے تحت بائی نیم نامزد کیا گیا وہ زیر التوا ء ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے تمام تھانوں میں ایڈمن افسر تھانہ کلچر کی تبدیلی اور شہریوں کی خدمت کیلئے شب روزکوشاں ہیں اور میری لاہور کے شہریوں سے اپیل ہے انہیں پولیس سے متعلقہ کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ اس کیلئے اپنے متعلقہ تھانے کے ایڈمن افسر کو ملیں انہیں محسوس ہو گا کہ تھانہ کلچر تبدیل ہو چکا ہے ۔ سی سی پی او نے کہا کہ لاہور کے درجنوں تھانوں میں ایڈمن افسروں کی احسن کارکردگی کے حوالے سے شہری میڈیا اور پولیس افسر ان کے دفاترمیں اپنے تاثرات درج کراچکے ہیں اور انشا اللہ یہ ایڈمن افسر مستقبل میں بھی لاہور کے شہریوں کی خدمت کیلئے کوئی کسر نہیں اُٹھا رکھیں گے کیونکہ ان کی تربیت کامحور ہی خدمت خلق اور عام آدمی کے مسائل کا حل ہے۔

مزید :

علاقائی -