مساجد میں کھلی کچہری کے ذریعے مسائل حل کئے جائیں گے، فیصل مختار

مساجد میں کھلی کچہری کے ذریعے مسائل حل کئے جائیں گے، فیصل مختار

لاہور(کرائم سیل)ایس پی صدر فیصل مختار نے کہا ہے کہ مساجد میں کھلی کچہری کے ذریعے ہر درخواست گزار کی شکایت کو سن کر ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا اور مساجد میں کھلی کچہریاں سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدرا شرف کے وژن کے مطابق کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس پی صدر فیصل مختار نے جامع مسجد تاجدارِ انبیاءؐ سبزہ زار میں کھلی کچہری کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سبزہ زار سرکل عمران کرامت بخاری، ایس ایچ او سبزہ زار سب انسپکٹر تیمور عباس سمیت سینکڑوں شہری موجود تھے۔ کھلی کچہری میں شہریوں سے تجاوزات، لین دین اوررجسٹریشن کرایہ داری سے متعلق 08 درخواستیں موصول ہوئیں۔سبزہ زار کے رہائشی محمد بشیر نے درخواست دی کہ اُس کے کرایہ دار اپنی رجسٹریشن کروانے کیلئے ان کے ساتھ پولیس اسٹیشن نہیں آرہے۔اُس نے متعددبار اپنے کرایہ داروں کو کرایہ داری کوائف جمع کروانے کیلئے کہامگر اس کے کرایہ دار پولیس اسٹیشن نہیں آرہے ۔جس پر ایس پی صدرفیصل مختار نے ایس ایچ او سبزہ زار سب انسپکٹر تیمور عباس کوفوری احکامات جاری کئے کہ تمام بیٹ کوآرڈینیٹرز سے رابطہ کر کے جلد میٹنگ کی جائے۔ سرچ آپریشن کے دوران معززینِ علاقہ کی بھی معاونت لی جائے۔ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور جن سائلین کی لین دین،تجاوزات ودیگرشکایات ہیں ان کو بھی فوری حل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی پولیس عوام دوستی کے رشتے کو مضبوط رکھنے کیلئے کھلی کچہریاں کی جائیں گی۔

مزید : علاقائی