پاکستان محض ایک ملک نہیں بلکہ تحریک کا نام ہے،نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں ورکشاپ

پاکستان محض ایک ملک نہیں بلکہ تحریک کا نام ہے،نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں ورکشاپ

  

لاہور(خبر نگار خصوصی) پاکستان محض ایک ملک نہیں بلکہ تحریک کا نام ہے ۔قیام پاکستان کا ایک اہم مقصد یہاں مثالی اسلامی معاشرہ قائم کرنا تھا۔اساتذۂ کرام نظریۂ پاکستان ‘تحریک پاکستان اور مشاہیر تحریک آزادی کی حیات و افکار کا مستند کتابوں سے مطالعہ کریں تاکہ نئی نسل کو حقائق سے آگاہ کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہارنظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمدنے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں اساتذۂ کرام کیلئے منعقدہ ایک روزہ نظریاتی تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔

ورکشاپ کا آغاز حسب معمول تلاوت قرآن حکیم، نعت رسول مقبول ؐاور قومی ترانے سے ہوا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض سید عابد حسین شاہ نے انجام دیے۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ پاکستان کی بنیاددوقومی نظریہ ہے۔

اور یہ نظریہ ہماری پہچان ہے۔ ہرقوم اپنے نظریہ کی حفاظت کرتی ہے ۔ اساتذہ کے قبضے میں نسلِ نو کے دماغ ہوتے ہیں۔ نئی نسل نے ہی کل ملک کی باگ ڈورسنبھالنی ہے لہٰذا ان کی تعلیم وتربیت پر خاص توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی قوم کو بنانے میں اہم کرداراداکرتے ہیں ،وہ نئی نسلوں کو پاکستان کی شخصیت اور اس کی مثبت باتوں کے بارے میں بھی آگاہ کریں۔ اس وقت پاکستان میں بیشمار مسائل موجود ہیں اور شعبۂ تعلیم کی حالت بری ہے لہٰذا اس میں اصلاح کی ضرورت ہے۔ترقی یافتہ ممالک اپنے بجٹ کا کثیر حصہ شعبۂ تعلیم پر خرچ کرتے ہیں۔ نظریاتی تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد پاکستان اور پاکستان کی آئیڈیالوجی کے بارے میں آگہی پیداکرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ اسلامی ذہن کے مالک تھے اور متعدد مواقع پر انہوں نے اس بات کااظہار بھی کیا ۔ہندواورمسلمان ہر لحاظ سے الگ قوم ہیں۔ہرقوم کا ایک نظریہ ہوتا ہے جس پر وہ فخرکرتے ہیں ،ہماری آئیڈیالوجی بھی بڑی زبردست ہے۔قدرت نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل اور افرادی قو ت سے نوازا ہے۔بعدازاں سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی ۔قبل ازیں اساتذۂ کرام نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں موجود تحریک پاکستان تصویری گیلری کا وزٹ بھی کیا ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -