پنجاب چائنہ اکنامک زون جلد عملی شکل اختیار کر لے گا،عائشہ غوث

پنجاب چائنہ اکنامک زون جلد عملی شکل اختیار کر لے گا،عائشہ غوث

لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت سے مستقل نجات کیلئے ہمیں معاشرے میں انتہاپسندی اور نفرت پر مبنی رویوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ ایک دوسرے کے زاویۂ نظر کو ٹھنڈے دل سے سمجھنے اور سماجی و معاشی محرومیوں کے باعث مایوسی اور مزاج میں غصے کی بجائے اپنے کام سے لگن اور محبت کی فراوانی میں ہی کامیابی کا راز پنہاں ہے۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں گریڈ 20سے گریڈ21میں ترقی سے مشروط 104ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے51شرکاء کے وفد کے ساتھ بریفنگ اجلاس سے خطاب میں کہی۔ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی محمد اسماعیل قریشی کی سربراہی میں پنجاب کے ڈویلپمنٹ پروفائل اور امن عامہ کے حوالے سے حکومتی لائحہ عمل سے آگاہی کیلئے سول سیکرٹریٹ لاہور کا مطالعاتی دورہ کرنے والے سینئر افسران کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب جواد رفیق ملک اور صحت و تعلیم ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے انتظامی سیکرٹریز نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ پاکستانی معاشرے کو ریڈیکل سوچ سے باہر نکال کر نوجوان نسل کے سوچنے کے انداز کو مثبت نہج دینا بہت ضروری ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جسے اپناکر ہم آنے والی نسلوں کو ترقی کے راستے پر ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کیلئے ٹیوٹا(TEVTA) کے توسط سے سالانہ 20لاکھ ہنرمند افرادی قوت تیارکی جا رہی ہے۔حکومت نے انڈسٹریل سٹی کیلئے موٹروے ’’ایم-تھری‘‘پر 5.4ارب روپے کی سرمایہ کاری فراہم کی ہے جبکہ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے توسط سے صوبے میں 2نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بھی قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں 5ہزار ایکڑ اراضی پر محیط ’’پنجاب چائنہ اکنامک زون‘‘ کا قیام بھی بہت جلد عملی شکل اختیار کر لے گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بہترین مثال قرار دیا اور کہاکہ ہمارے نوجوانوں کو دہشت گردوں کی نرسری (بریڈنگ گراؤنڈ) بنانے والے عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔یہ ایک مسلسل جنگ(On-Going Battle)ہے۔

مزید : صفحہ اول