آصف زرداری کا وزیراعظم کو فون،خیریت دریافت کی

آصف زرداری کا وزیراعظم کو فون،خیریت دریافت کی

لندن( اے این این )وزیراعظم نوازشریف کوپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے ٹیلی فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور صحت ابی کے لیے دعا دی۔میڈیارپورٹ کے مطابق آصف علی زرداری نے وزیر اعظم نواز شریف کو ویڈیو لنک کے ذریعے فون کیا اور ان سے خیریت دریافت کرنے کے ساتھ جلد صحتیاب ہونے کی دعا بھی دی۔ یاد رہے کہ میڈیا پر اس قسم کی خبریں زیر گردش تھیں کہ وزیراعظم نواز شریف لندن میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات بھی کریں گے لیکن اس ملاقات کو میڈیا سے خفیہ رکھا جائے گا۔ تاہم بلاول بھٹو نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس قسم کی تمام افواہوں کو ختم کردیا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ لندن میں آصف علی زرداری وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات نہیں کریں گے۔ دوروز قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف لندن صرف علاج کی غرض سے گئے ہیں، وزیراعظم لندن میں کسی سے ملاقات نہیں کریں گے ۔جب کہ اس سے ایک روز قبل ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے بھی آصف علی زرداری سمیت کسی سے بھی ملاقات کی سختی سے تردید کی تھی۔وزیراعظم نواز شریف کے دورہ لندن پر پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف لندن علاج کے لئے نہیں بلکہ آصف علی زرداری کا آشیرباد لینے گئے ہیں۔

مزید : صفحہ اول