نیسلے کے سوا تمام پیک دودھ مضر صحت ہیں،وفاقی وزیر دفاعی امور
لاہور(خبر نگار خصوصی)وفاقی وزیر دفاعی امور و سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے انکشاف کیا ہے کہ نیسلے کے سوا مارکیٹ میں فروخت ہونے والے تمام پیک دودھ مضر صحت ہیں ٹیٹر ا پیک میں بھی منفی اشیاء کی آمیزش پائی گئی ہے جبکہ ملک کے بیشتر حصوں کا پانی بھی پینے کے لائق نہیں ہے۔میرے گھر اور گاؤں دونوں کا پانی ایسا ہے جسے پی کر آدمی صحت مند رہ ہی نہیں سکتا۔لاہور ایڈیٹرز کلب کی تقریب میں خطاب کے دوران وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہم نے اپنی وزارت کی دونوں لیبارٹریوں سے دودھ اور پانی کے نمونے ٹیسٹ کرائے نیسلے کے علاوہ کسی برانڈ کا دودھ اور پانی اپ ٹو دی مارک نہیں تھا یہ پوری قوم کے ساتھ زیادتی ہے ہمیں اس پر پوری توجہ دینی چاہیے۔ضیاء شاہد کی ایک تجویر پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ میں پی سی ایس آئی آر سمیت دیگر لیبارٹریوں کو ہدایت کروں گا یہ وہ میڈیا کی طرف سے دودھ اور پانی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کے نمونوں کی ٹیسٹنگ بلا معاوضہ کریں اور محکمے کے افسر و اہلکار میڈیا کے ساتھ جا کر ملاوٹ شدہ اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی کریں۔سربمہر نمونے بھی حاصل کریں اور اس حوالے سے میڈیا کی ہر طرح کی مہم میں بھر پور شمولیت بھی کی جائے۔وفاقی وزیر نے ممتاز طاہر کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان اور اپنی وزارت کی متعلقہ لیبارٹریوں کو بھی پانی دودھ وغیر ہ کے ٹیسٹوں کے حوالے سے ضروری ہدایات فوری جاری کروں گا اور اس حوالے سے ایم او یو بھی سائن کیے جائیں گے۔