غیراخلاقی ڈراموں کیخلاف درخواست پر ایم ڈی پی ٹی وی سے جواب طلب

غیراخلاقی ڈراموں کیخلاف درخواست پر ایم ڈی پی ٹی وی سے جواب طلب

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائی کورٹ نے میڈیا پرغیراخلاقی ڈراموں پر پابندی اور بجلی کے بلوں میں سرکاری ٹی وی کی 35روپے فیس وصولی کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت،وفاقی وزارت اطلاعات،چیئرمین پیمرا اور ایم ڈی پی ٹی وی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے ۔مسٹرجسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت شروع کی تو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشیدکے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا پرغیراخلاقی پروگرام اور ڈرامے چلائے جاتے ہیں۔ میڈیا کو ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کے حوالے سے پیمرا کی سفارشات پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔ میڈیا پر غیراخلاقی مواد نوجوان طبقے کو گمراہ کر رہا ہے، جواسلامی اقدار اور آئین پاکستان کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کے لئے پیمرا کو احکامات صادر کئے جائیں اور پیمرا سے عمل درآمد رپورٹ طلب کی جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ بجلی کے بلوں میں سرکاری ٹی وی کی35روپے فیس کی وصولی کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے وفاقی حکومت،وفاقی وزارت اطلاعات،چیئرمین پیمرا اور ایم ڈی پی ٹی وی کو31مئی کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔

غیر اخلاقی

مزید : صفحہ آخر