سندھ اسمبلی:ایم ڈی واٹر بورڈکے خلاف تحریک استحقاق خلاف ضابطہ قرار

سندھ اسمبلی:ایم ڈی واٹر بورڈکے خلاف تحریک استحقاق خلاف ضابطہ قرار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ اسمبلی میں جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کی ایم ڈی واٹر بورڈ کراچی کے خلاف تحریک استحقاق خلاف ضابطہ قرار دے دی گئی ۔ خرم شیر زمان نے اپنی تحریک استحقاق میں کہا کہ میرے حلقے میں پانی کی شدید قلت ہے ۔ میں نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے متعدد افسروں بشمول منیجنگ ڈائریکٹر ( ایم ڈی ) سے کئی مرتبہ رابطہ کیا لیکن انہوں نے یہ مسئلہ حل کرنے کی میری درخواست نظر انداز کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ بادشاہ سلامت ہیں ۔ وہ کسی کا فون نہیں اٹھاتے ۔ وہ گورنر ، اپنے وزیر اور ارکان سندھ اسمبلی کی نہیں سنتے ۔ وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہاکہ یہ غلط ہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ کسی کی بات نہیں سنتے ۔ میں فاضل رکن کے ساتھ ایم ڈی واٹر بورڈ کی ملاقات کرا چکا ہوں ۔ وہ جب مجھے فون کرتے ہیں ، میں بھی مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرتا ہوں ۔ خرم شیر زمان صرف پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں اور یہ تنگ کرنے والی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے کراچی میں پانی کی قلت ہے کیونکہ طلب کے مطابق پانی دستیاب نہیں ہے ۔ اس کے باوجود ہم ہر علاقے کو پانی فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ ایم ڈی واٹر بورڈ سے ایم کیو ایم کے ارکان اور دیگر اپوزیشن ارکان بھی ملتے رہتے ہیں ۔ سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ خرم شیر زمان کی تحریک استحقاق خلاف ضابطہ ہے ۔