سعودی عرب اور یمن میں طوفانی بارشوں سے 42افراد ہلاک ،سیلاب سے بیسیوں مکانات تباہ

سعودی عرب اور یمن میں طوفانی بارشوں سے 42افراد ہلاک ،سیلاب سے بیسیوں مکانات ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ریاض/صنعاء(اے این این) سعودی عرب اور یمن میں رواں ہفتے بارشوں اور طوفان بادوباراں سے 42افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے چوبیس افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ سعودی عرب میں طوفانی بارشوں سے اٹھارہ افراد جاں بحق ہوئے ۔یمن کے سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دارالحکومت صنعاء سے شمال میں واقع صوبے عمران میں سیلاب سے دس افراد ہلاک ہوئے ہیں اور متعدد لاپتہ ہیں۔سیلاب سے بیسیوں مکانات تباہ اور عمران اور حجہ کے درمیان رابطہ سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں۔ صنعاء سے شمال مغرب میں واقع صوبے حجہ میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے14 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔حجہ سے جنوب میں واقع صوبے آلمہویت میں ایک ڈیم ٹوٹ جانے سے سیلاب آگیا اور سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آ جانے سے پل بھی ٹوٹ گئے ہیں۔ سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے بتایا کہ الریاض سے حائل تک اور مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ ،البھا ،عسیر ،نجران اور جازان میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں اٹھارہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔محکمے نے سیلاب میں گھرے ہوئے 915 افراد کو بچایا ہے اور انھیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ البھا میں تین روز تک شدید بارش ہوئی ہے اور اس دوران پیش آنے والے حادثات میں ستائیس افراد زخمی ہوگئے۔