پاک برطانیہ دوستی باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی ہے :گورنر سندھ

پاک برطانیہ دوستی باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی ہے :گورنر سندھ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین نہایت قریبی تعلقات ہیں جن میں وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آرہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی 90 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور ڈپٹی ہائی کمشنر جان ٹکنوٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ دوستی باہمی اعتماد اور مفاہمت پرمبنی ہے انہوں نے دونوں حکومتوں کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات کے ساتھ ساتھ پاکستان اور برطانیہ کے عوام کے درمیان بھی رابطوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی سرمایہ کاروں نے ابتداء سے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی ہے اور اس وقت 100 کے قریب برطانوی کمپنیاں براہ راست عملی طور پر مختلف قسم کے کاروبار میں مصروف ہیں جبکہ دیگر سینکڑوں برطانوی کمپنیاں با الواسطہ طور پر یہاں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے بعد کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے نہایت ساز گار ماحول میسر ہے ۔ انہوں نے برطانوی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ اس سازگار ماحول سے فائدہ اٹھائیں اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں جس کے لئے انھیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کراچی میں برٹش بزنس سینٹر کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ برطانوی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جاسکے گا اور یہ سینٹر دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید اضافے کا باعث ثابت ہو گا ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ اور حوصلہ افزائی پر ملکہ برطانیہ ایلز بتھ دوئم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے ملکہ برطانیہ کی 90 ویں سالگرہ پر انھیں مبارک باد بھی پیش کی ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -