پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار میں فائبر لیزنگ کے لیے معاہدہ

پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار میں فائبر لیزنگ کے لیے معاہدہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشنز کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور ٹیلی نار پاکستان کے مابین فائبر لیزنگ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے سے ٹیلی نار 3G/4G سروسز کی بدولت مُلک میں انٹرنیٹ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لئے اپنے سیلیولر نیٹ ورک کو بہتر بناسکے گا۔ علاوہ ازیں، یہ معاہدہ پی ٹی سی ایل کو انفراسٹرکچر اور سروسز کے شعبوں کے ذریعےThe Carrier of Carriers بننے کے وژن کے ضمن میں ایک بڑا قدم ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ڈینیئل رٹز نے کہا، ’’ یہ معاہدہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ کس طرح پی ٹی سی ایل کا وسیع نیٹ ورک پاکستان کے کمیونیکیشن انفراسٹرکچر میں بنیادی فریم ورک کی حیثیت سے خدمات فراہم کر رہا ہے اور ملک بھر میں لاکھوں صارفین کو رابطے کی سہولت بہم پہنچا رہا ہے۔ پینتیس ہزار کلومیٹر سے زائد ایریا پر بچھی فائبرکے ساتھ ہماری یہ پارٹنر شپ ٹیلی نار کو تھری جی مارکیٹ میں صارفین کو ہائی کوالٹی ڈیٹا اور وائس سروسز فرہام کر کے آگے بڑھنے میں مدد دے گی۔ پی ٹی سی ایل ملکی ترقی کے لیے پاکستان میں فائبر اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اپنا کردار بخوبی نبھاتا رہے گا۔ ‘‘ اس موقع پر مائیکل فولی، سی ای او، ٹیلی نار پاکستان نے کہا، ’’ چونکہ ہم اپنے مشن ’ انٹرنیٹ سب کے لیے ؛ کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کی تکمیل کے لیے کوشاں ہیں، لہزا پی ٹی سی ایل کے ساتھ شراکت سے ہماری بہتر انفراسٹرکچر کی ضرورت پوری ہو سکے گی۔ یہ پراجیکٹ بنیادی طور پر ٹو جی اور تھری جی کے حوالے سے نیٹ ورک کی توسیع کے لیے ہماری فائبر ضروریات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اس سے پاکستانی سو سائٹی میں پہلے سے زیادہ بہتر طور پر موبائل براڈبینڈ سروسز کی سہولت پہنچا نے میں مدد ملے گی۔ ہمارے لیے اس شراکت کا حصہ ہونا قابل مسرت ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ شراکت دونوں فریقین اور صارفین کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔‘‘ 3G/4G سروسز کے آنے سے موبائل ڈیٹا کی مانگ میں تیزی سے اضافے کے باعث سیلولر آپریٹرز پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ اپنے افراسٹرکچر کو ریڈیو سے فائبر کی طرف اپ گریڈ کریں۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں دونوں اداروں کی سینیئر مینیجمنٹ موجود تھی جنہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ دونوں کمپنیوں کے مابین شراکت کو مزید مظبوط کرنے میں اہم قدم ہے تا کہ آج کی ارتقاء پذیر اور مسابقتی مارکیٹ میں سستی اور معیاری ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرسکیں۔

مزید : کراچی صفحہ آخر