حکومت قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں کررہی ،سینیٹر شاہی سید
کراچی(اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر شاہی سید نے شبقدر میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور معصوم افراد کی شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے سے لگتاہے کہ دہشت گرد پہلے سے زیادہ مضبوط ہورہے ہیں،باچا خان مرکز سے جاری کردہ مذمتی بیان میں اے این پی کے صوبائی صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئر مین سینیٹر شاہی سید نے مذید کہا ہے کہ پے در پے دہشت گردی کے واقعات رونما ہورہے ہیں تاہم مرکزی اور صوبائی حکومت کی جانب سے قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد نظر نہیں آرہا ہے، جس سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو اس قسم کے انسان دشمن حملوں کا موقع مل رہاہے،انہوں نے کہا کہ اگر حالات کی نزاکت کو سمجھا نہیں گیا تو آنے والے وقتوں میں بہت بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا، دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں سے آہنی ہاتھ سے نمٹنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ ایک سوچھے سمجھے منصوبے کے تحت پختونوں کو آگ کا ایندھن بنایا جارہاہے،جب تک دہشت گردی کی مکمل بیخ کنی نہیں ہوگی اس پر قابو نہیں پایا جاسکتا، چارملکی مزاکراتی عمل میں طالبان نے جو مشکل شرائط اب رکھے ہیں تو وہ مزاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش لگتی ہے ، انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر خدا نخواستہ طالبان نے مزاکرات سے انکار کردیا تواس سے دہشت گردی اور بھی بڑے گی ،طالبان کے موجودہ شرائط سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مزاکراتی عمل میں شریک چار ممالک کا اثر رسوخ طالبان پر کمزور پڑرہاہے، صوبے میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنک نے دہشت گردی سے زیادہ خطرناک شکل اختیار کررکھی ہے۔