لانڈھی میں ایم کیو ایم کے دفاتر پر حملے ہو رہے ہیں،خالد احمد

لانڈھی میں ایم کیو ایم کے دفاتر پر حملے ہو رہے ہیں،خالد احمد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے رکن سید خالد احمد نے جمعہ کو سندھ اسمبلی میں نکتہ اعتراض پرکہا کہ لانڈھی میں ایم کیو ایم کے دفاتر پر حملے ہو رہے ہیں ۔ کارکنوں کو نہ صرف دھمکیاں دی جا رہی ہیں بلکہ انہیں مارا پیٹا بھی جا رہا ہے ۔ یہ کام وہ عناصر کر رہے ہیں ، جنہیں عوام مسترد کر چکے ہیں ۔ لانڈھی کے عوام کو ان دہشت گردوں سے نجات دلائی جائے ۔ وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کہا کہ میں نے ایس ایس پی کورنگی کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کریں ۔ دو تین دن میں اس کارروائی کی رپورٹ آجائے گی ۔ پولیس کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دے گی ۔ پیپلز پارٹی کے رکن میر نادر مگسی نے سید خالد احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اتنے کمزور کب سے ہو گئے ہو کہ دوسرے لوگ آپ کو مار پیٹ کر رہے ہیں ۔ ان کو ڈنڈے مارو ۔ سید خالد احمد نے کہا کہ ہم تشدد کا جواب تشدد سے نہیں دے سکتے ۔ ہم نہیں چاہتے کہ کراچی شہر دوبارہ تشدد کی طرف جائے ۔

مزید : کراچی صفحہ آخر