کھلے مقام پرمیلہ،حساس اداروں نے سیکیورٹی خدشات کااظہارکردیا

کھلے مقام پرمیلہ،حساس اداروں نے سیکیورٹی خدشات کااظہارکردیا

سرگودھا(بیورو رپورٹ) مقامی تھانہ کی پولیس کی جانب سے اعلیٰ پولیس حکام کو تفریحی میلے میں ہونے والی قباحتوں اور سکیورٹی خدشات سے آگاہ کر دیا ہے، جبکہ حساس ادارے نے بھی اس میلے کو سکیورٹی رسک قرار دے کر رپورٹ حکومت پنجاب اور وفاقی وزارت داخلہ کو ارسال کر دی ۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے حکام بالا کو آگاہ کیا گیا ہے کہ استقلال آباد کے قریب کھلے مقام پر لگائے گئے میلہ میں تفریح کے پروگرام کم اور 6 ایسے سٹال لگے ہوئے ہیں، جن پر شام سے علی الصبح تک لاکھوں روپے یومیہ کا جواء کھیلا جا رہا ہے، یہ میلہ کھلے مقام پر لگایا گیا ہے، جس میں سکیورٹی کا کوئی انتظامات نہیں ہے، اور ٹھیکیدار کسی قسم کا اجازت نامہ یا سکیورٹی این او سی مانگنے کے باوجود پیش نہیں کر رہا، بلکہ ہر سوال کا جواب میں اعلیٰ حکام سے رجوع کرنے کا کہتا ہے۔ دریں اثناء حساس ادارہ نے بھی اسی نوعیت کی رپورٹ حکومت پنجاب اور وفاقی وزارت داخلہ کو ارسال کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سانحہ لاہور کے تناظر میں اس نوعیت کے تفریح میلے کا انعقاد مناسب نہیں ہے، حساس ادارہ نے اپنی رپورٹ میں تفریح میلے کے نام پر لگے ہوئے میلہ میں دیگر قباحتوں کی نشاندہی بھی کر دی ہے، اور کہا گیا ہے کہ یہ میلہ کئی اداروں کی اعلیٰ شخصیات کی بدنامی کا باعث بھی بن رہا ہے، رپورٹ میں اسے فوری طور پر بند کروانے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر