راولپنڈی پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف کاروائی کرنیکا فیصلہ

راولپنڈی پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف کاروائی کرنیکا فیصلہ

  

راولپنڈی(جنرل رپورٹر) اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت پر راولپنڈی میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ،بد نام زمانہ منشیات فروش روپوش ہو گئے، گزشتہ روزتھانہ سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں منشیات کا استعمال کرنے والے افراد کو گرفتار کر لیا، مقدمات درج، آج عدالت میں پیش کیا جائے گا،ادھرصدر،ریلوے روڈ،ڈھوک کھبہ،قاسم آباد، ڈالڈا سراں،ویسٹریج، نصیر آباد، مصریال روڈ،ڈھوک سیداں،گرجا روڈ،دھمیال کیمپ،غریب آباد، گلزار قائد، صادق آباد، النور کالونی سمیت شہر کے اہم علاقوں میں گزشتہ کئی سالوں سے منشیات فروشی کا دھندہ عروج پر تھا اور نوجوان نسل نشے کی لعنت میں مبتلا ہو کر راہزنی، ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہو رہی تھی،راولپنڈی پولیس کے اعلیٰ حکام نے اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر اِن کیخلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام تھانوں کیا یس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کر کے اس کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھیجی جائے راولپنڈی کے مختلف ایس ایچ اوز نے اپنے اپنے علاقوں میں کارروائی کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں بنا دی ہیں اور اِن ٹیموں کو منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے تاہم پولیس نے ابھی تک کسی بڑے منشیات فروش کو گرفتار کرنے کا دعویٰ نہیں کیا، لیکن منشیات فروش پولیس کی کارروائی سے بچنے کیلئے عارضی طور پر رو پوش ہو چکے ہیں اور جن جگہوں پر وہ منشیات فروخت کرتے تھے وہاں سے ارد گرد کے علاقوں میں جا کر خفیہ طور پر موبائل فون کے ذریعے منشیات فروخت کر رہے ہیں، پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی اور آئندہ چند روز میں بڑے بڑے منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے اُن کے خلاف مقدمات قائم کئے جائیں گے اس وقت راولپنڈی میں لاکھوں افراد منشیات استعمال کرتے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -