اپنے باپ کے مشن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، حامدرضا

اپنے باپ کے مشن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، حامدرضا

  

لاہور(خبر نگار خصوصی)سنی اتحاد کونسل کے بانی چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی تیسری برسی ملک بھر عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اور مختلف شہروں میں صاحبزادہ فضل کریم کی یاد میں اجتماعات منعقد کئے گئے اور مساجد میں قر آن خوانی کا اہتمام کیا گیا اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران و کارکنان نے چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامدرضا کی قیادت میں صاحبزادہ فضل کریم کے مزار پر اجتماعی حاضری دی اور ان کا مشن جاری رکھنے کا عہد کیا ۔ برسی کی مرکزی تقریب جامعہ رضویہ میں منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہاکہ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم زندگی کی آخری سانس تک دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کرتے رہے۔وہ حریت فکر کے مجاہد تھے۔صاحبزادہ فضل کریم اہل حق کے دلیر اور بے باک رہنما تھے۔ان کے مشن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں طالبانائزیشن کے خلاف سب سے پہلی آواز صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے بلند کی۔ قومی اسمبلی اور صوبائی وزیر کی حیثیت سے صاحبزادہ فضل کریم نے شاندار خدمات سر انجام دیں ۔صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی برسی کے سلسلہ میں گوجرانوالہ میں مولانا اکبر نقشبندی، سمندری میں علامہ پیر حامد سرفراز قادر ی، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، منڈی بہاؤ الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی ، واہ کینٹ میں سید جواد الحسن کاظمی ، چنیوٹ میں مولانا سیف سیالوی، میانوالی میں صاحبزادہ عبد المالک ، بھکر میں مولانا محمد موسی طاہر ، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، ناروال میں علامہ قاضی محمد یعقوب رضوی نے اجتماعات سے خطاب کیا۔

حامدرضا

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -