مہمند ایجنسی ،پولیٹیکل ایجنٹ کا نحقی میں زیر تعمیر ٹنل کا دورہ

مہمند ایجنسی ،پولیٹیکل ایجنٹ کا نحقی میں زیر تعمیر ٹنل کا دورہ

مہمند ایجنسی (نمائندہ پاکستان) مہمند ایجنسی، پولیٹیکل ایجنٹ مہمند کا دیگر حکام کے ہمراہ زیر تعمیر نحقی ٹنل کا دورہ۔ تعمیراتی کام کا جائزہ۔ ایف ڈبلیو او کے معیاری کام کی تعریف۔ منصوبے کی تکمیل سے دیر ، باجوڑ، مہمند ایجنسی اور پشاور کے مابین فاصلے کم ہونگے اور وقت کی بچت ہوگی۔ محمود اسلم وزیر کا اظہار خیال۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ محمود اسلم وزیر نے جمعہ کے روز اے پی اے اپر مہمند حسیب الرحمن خلیل اور دیگر سرکاری حکام کے ہمراہ تحصیل حلیمزئی میں زیر تعمیر تحقی ٹنل کا دورہ کیا۔ اس وقع پر انہوں نے ٹنل کے اندر اور باہر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا جبکہ تعمیراتی کمپنی ایف ڈبلو او (فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن ) کے حکام نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ پولیٹیکل ایجنٹ مہمند محمود اسلم وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے ایف ڈبلیو او کی کارکردگی اور معیاری کام کی تعریف کی اور ٹنل سمیت روڈ ، پلوں کی تعمیر پر ان کی خدمات کو سراہا۔ پی اے مہمند نے کہا کہ ٹنل کا کام جلد مکمل ہو کر عام ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا۔ جس سے چترال، دیر ، باجوڑ اور مہمند ایجنسی کا پشاور اور ملک کے دیگر شہروں کے ساتھ فاصلے کم ہونگے اور وقت کی بھی بچت ہوگی۔ انہوں نے ٹنل کو مواصلاتی رابطے کا اہم ذریعہ اور مہمند ایجنسی میں ترقی کا نمونہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہمند ایجنسی کے عوامی ضروریات اور حل طلب مسائل پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔ اور امن کے ساتھ ساتھ تیز تر ترقی کا عمل جاری رہیگا۔ جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں میرٹ اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر