منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے بغیر راجن پور آپریشن کاآغاز کرنے کی باتیں بے بنیادہیں:آئی جی پنجاب مشتاق سیکھیرا

منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے بغیر راجن پور آپریشن کاآغاز کرنے کی باتیں بے ...
منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے بغیر راجن پور آپریشن کاآغاز کرنے کی باتیں بے بنیادہیں:آئی جی پنجاب مشتاق سیکھیرا

  

لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک)آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ بغیر منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے آپریشن کاآغاز کرنے کی باتیں بے بنیاد ہیں ، آپریشن سے قبل افسران پر مشتمل ٹیم بنی جس نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی تربیت اور درکار اسلحہ سمیت ہر معاملے کا جائزہ لیا تھا ،چھوٹو ڈکیت گینگ کی طرف سے یر غمال بنائے گئے اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی پہلی ترجیح ہے۔

نجی چینل ’’جیو نیوز ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب مشتاق سیکھیرا کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن پوری تیاری کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا جس میں (ر)کرنل رینک کے افسران نے پلاننگ کا جائزہ لیا اور اس کیلئے ایک ہزار جونواں کو تربیت دی گئی،ایسی پکٹنگ بنائی گئیں کہ جرائم پیشہ عناصر کے فرار کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں، اس کے بعد اس میں رینجرز کو شامل کیا اور دوسرے اداروں کی سپورٹ بھی حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ بعض اوقات چھوٹی سے بات ناکامی اور کامیابی کی وجہ بن جاتی ہے ، دنیا کی بہترین آرمی بھی اٹھا لیں جتنی ان کی کامیابیاں ہیں اتنی ناکامیاں بھی ہوتی ہیں۔مشتاق سیکھیرا کا کہنا تھا کہ میں پنجاب پولیس کا انچارج ہوں ، آپریشن سے قبل افسران پر مشتمل ٹیم بنی جس نے اہلکاروں کی سلیکشن کی جس کے بعد انہیں تربیت دلائی گئی اور اسلحے سمیت دیگر معاملا ت کا جائزہ لیا اور اس میں ہمیں دیگر اداروں کا تعاون بھی حاصل رہا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ باتیں غلط ہیں کہ اس آپریشن سے قبل منصوبہ بندی اور حکمت عملی طے نہیں کی گئی ،پولیس نے اسے خود پلان کیا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی مشکل علاقہ ہے ۔ منصوبہ بندی کے تحت اندر جانے کے لئے رسائی کا راستہ تلاش کر کے ہمارے اہلکار آگے گئے ۔وہاں ایک تو پانی کی گہرائی کا پتہ نہیں چلتا کیونکہ کسی مقام پر پانی کم اور کسی مقام پر زیادہ گہرا ہے ۔جب مزاحمت نہیں ہوئی تو ہمارے جوان بہادر ی سے آگے بڑھتے گئے اور انہوں نے 4 ڈاکوؤں کو مارا جبکہ6 زخمی بھی ہو گئے اور آگے بڑھتے ہوئے اہلکار اچانک گھیرے میںآگئے۔

مزید : قومی