حکومت ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لے کر تاجروں کی اعتماد سازی کرے ، لاہور چیمبر

حکومت ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لے کر تاجروں کی اعتماد سازی کرے ، لاہور چیمبر

لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لیکر تاجروں کی اعتماد سازی کرے۔ اس غیرمنصفانہ ٹیکس کی وجہ سے حکومت اور تاجروں کے درمیان فاصلے بڑھتے جارہے ہیں جو ملک کے مفاد میں نہیں کیونکہ اس وقت پبلک پرائیویٹ پارٹنرکی اشد ضرورت ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس نے تاجروں کو شدید پریشان کررکھا ہے ۔ کاروباری حالات پہلے ہی مشکل ہیں۔ ایسے میں ودہولڈنگ ٹیکس نے پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے کیونکہ کاروباری لاگت مزید بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر اوقات تاجروں کو بینک ٹرانزیکشن سے اتنا منافع نہیں ہوتا جتنا انہیں ودہولڈنگ ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ کاروباری آسانیوں کے حوالے سے پاکستان کی عالمی رینکنگ پہلے ہی تشویشناک ہے اور ودہولڈنگ ٹیکس جیسے مسائل صورتحال مزید خراب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کار کہیں بھی سرمایہ کاری کرنے سے قبل ایسی رینکنگ کو ضرور مد نظر رکھتے ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرکے معاملات کی بہتری کی جانب قدم بڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے مگر اس کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس ٹھیک طریقہ کار نہیں ہے۔ اس کی وجہ سے صرف موجودہ ٹیکس دہندگان پر ہی بوجھ بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے تاجر برادری کی مشاورت سے قابل عمل اقدامات اٹھائے جائیں اور ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کا اعلان کرکے تاجروں کا اعتماد بحال کیا جائے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...