''پیکا''کے زیر اہتمام دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام

''پیکا''کے زیر اہتمام دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام

لاہور(پ ر)پنجاب انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی (پیکا) کے زیر اہتمام دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام لمز یونیورسٹی لاہور میں ہوا جس میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے توانائی کی بچت اور استعداد بڑھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے پر زور دیا تاکہ برقی طلب کی مینجمنٹ بہتر طریقے سے کی جاسکے ۔ مقررین نے پنجاب انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی (پیکا) کے کردار کو سراہا اور اسکے اقدامات کو مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے انتہائی ضروری قرار دیا ۔مقررین بشمول پیکا کے پروگرام مینجر عبدالرحمن ، سعدیہ قیوم ،پروفیسر نعمان ظفر ، ڈاکٹر نوید ارشد ، سعید افگن ، سردار معظم ، مشہود ناصر، ڈاکٹر حسن عباس ، توصیف توقیر، ماہا کمال نے توانائی کی استعداد بڑھانے کی ٹیکنالوجیز ،بجلی کی پائیدار بنیادوں پر فراہمی ،انرجی انفارمیٹکس ، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان توانائی کے بہتر استعمال پر اشتراک ، توانائی کی بچت کا قومی سطح پر ادراک ،دیہی علاقوں میں سولر کے ذریعے بجلی کی فراہمی ، سولر نیٹ میٹرنگ کے عملی تقاضے اور قابل تجدید توانائی کے ذریعے صنعتی شعبے میں بجلی کی بچت جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔

بجلی کے وسائل کے بہتر استعمال کے موضوع پر ہونے والی اس دو روزہ ورکشاپ میں مقررین کا مزید کہنا تھا لوگوں کی پر سکون زندگی اور صنعت کے پہیے کو چلتا رکھنے کیلئے مطلوبہ انرجی کی فراہمی صرف اسی صورت ممکن ہے کہ انرجی کنزرویشن کوڈز پر عمل کیا جائے اور بجلی پیدا کرنے والے تمام ذرائع کو بروئے کار لایا جائے ،ترقی یافتہ ممالک میں اس سلسلے میں بہت سا کام کیا جا چکا ہے اور اب ہمارے ملک میں پنجاب وہ پہلا صوبہ ہے جہاں انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن کے سلسلے میں عملی اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے ۔پنجاب انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی (پیکا) نہ صرف انرجی ایفی شینسی اور بلڈنگ کوڈز بنانے میں مصروف ہے بلکہ عوامی آگاہی کی مہم بھی چلا رہی ہے ۔

مزید : کامرس