شادمان اتوار بازار ، ڈپٹی چیف افسر نے ناقص سبزیوں ، پھلوں کی ریڑ ھیاں الٹادیں

شادمان اتوار بازار ، ڈپٹی چیف افسر نے ناقص سبزیوں ، پھلوں کی ریڑ ھیاں الٹادیں

لاہور ( اپنے نمائندے سے ) شادمان اتوار بازار میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں ، مارکیٹ کمیٹی کا عملہ غائب ، ڈپٹی چیف زونل آفیسر نے ناقص پھل اور سبزیوں کی ریڑھیاں الٹا دیں ، شہریوں کی طرف سے شکایات کے انبار پر عملہ کی سرزنش ۔ داتا گنج بخش زون کے ڈپٹی چیف آفیسر کے سٹاف پر سٹال دینے کے لئے بھتہ وصول کرنے کا الزام ۔ شہریوں کی شکایات کے باوجود بھی کوئی نوٹس لیا گیا نہ کوئی اہلکار ٹس سے مس ہوا ۔ اتوار بازار میں بد انتظامی ، بدنظمی اور مہنگائی کے ڈیرے تھے ریڑھی بانوں نے راستہ بھی بند کر رکھا تھا جس کے باعث وہاں کے مکینوں اور گزرنے والے شہریوں کو دشواری کا سامنا رہا ۔شادمان اتوار بازار میں سبزیوں اور پھلوں کے ریٹ سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ وصول کئے جاتے رہے ۔ ڈپٹی چیف زونل آفیسر جاوید اقبال نے موقع پر پہنچ کر اتوار بازار میں خروخت ہونے والے ناقص پھل اور سبزیوں کی ریڑھیاں الٹا تے ہوئے وہاں موجود عملہ کی سخت سرزنش کی اس موقع پر شہریوں نے مہنگی اور ناقص اشیاء کی فروخت کرنے کی شکایات کی ۔ شہری محمد رفیق ، عبدالوہاب جٹ ، محمد علی ، حسن خان ، فیاض احمد ، خورشید عالم ، محمد مزمل ، اکبر خان ، شمائل خان ، محمد علی ڈار ، محمد راحیل اور سعدیہ بشارت نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سٹال ہولڈرز اپنی من مانی کے ریٹ وصول کر رہے ہیں مارکیٹ کمیٹی کے عملہ کو متعدد بار شکایات کی مگر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار بازار میں سہولیات کا شدید فقدان ہے ۔ سٹالوں پر دُکاندار من پسند ریٹ وصول کر رہے ہیں ۔ ناقص پھلوں اور سبزیاں فروخت کی جا رہی ہیں مگر قیمت پوری وصول کر رہے ہیں جو سخت زیادتی ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ عوامی سہولیات کو نظر انداز کیا جا نا معمول بن گیا ہے اس حوالے سے انتظامیہ سے شکایات بھی کر تے ہیں مگر زبانی جمع خر چ کر تے ہوئے ہمیں ٹال دیتے ہیں اور مسائل کو حل نہیں کیا جا تا ۔معیار کے حوالے سے کئی بار شکایات کر تے ہیں مگر کوئی کارروائی عمل میں لانے کو تیار نہیں ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شادمان اتوار بازار میں داتا گنج بخش زون کے ڈپٹی چیف آفیسر کے سٹاف سٹال لگانے والوں سے رقم وصول کر کے سٹال دیتے ہیں جس کی وجہ سے سٹال ہولڈر ز اپنی مرضی کے ریٹ لگاتے ہیں اور انہیں کوئی پوچھتا نہیں ہے ۔ ڈپٹی چیف زونل آفیسر جاوید اقبال نے رقم لے کر سٹال دینے کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ناقص اشیاء بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اب ہر اتوار بازار میں چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھوں گا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1