عطائیوں کیخلاف بھر پور کریک ڈاؤن آج سے شروع

عطائیوں کیخلاف بھر پور کریک ڈاؤن آج سے شروع

لاہور(جنرل رپورٹر)محکمہ صحت نے جعلی اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کے لیے ایکشن پلان تیار کرلیا ہے۔ جس کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے ہر ٹیم میں اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس یا ایس ایچ او یا پولیس کا کوئی نمائندہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اور متعلقہ زون کا ڈرک انسپکٹر شامل ہوگا۔ لاہور میں کریک ڈاؤن کے لیے 9ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے جو آج عطائیوں کے خلاف آپریشن شروع کریں گی ۔دریں اثناء سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان نے صوبے کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ، ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ او رڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر سے عطائیت کے مکمل خاتمے اور عطائیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر من و عن عمل کرتے ہوئے عطائیو ں کے خلاف مہم فوری طور پر شروع کی جائے ۔علی جان خان نے مزید کہاکہ اس مہم میں ڈرگ انسپکٹرز کی فور س کو بھی استعمال میں لایاجائے ۔ سیکرٹری صحت نے تمام اضلاع کے افسران کو کہاہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم کے بعد عطائی کسی ماتحت عدالت کے احکامات کا سہارا نہیں لے سکیں گے ۔علی جان خان نے محکمہ صحت کے افسران کو مزید ہدایت کی کہ وہ اپنے ضلع کے ڈپٹی کمشنر ،اسسٹنٹ کمشنر اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے عطائیوں کے خلاف ایکشن لیں ۔انہو ں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے بعد پولیس عطائیو ں کے خلاف آپریشن میں محکمہ صحت اور ضلعی افسران کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی جس کے لئے پویس حکام کو بھی آگاہ کیاجاچکا ہے ۔سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے سی ای او ز ہیلتھ کو ہدایت کی کہ بڑے سیٹ اپ چلانے والے ایسے عطائی جو آپریشن اور ڈینٹل پروسیجر بھی کرتے ہیں ،ڈرپس و انجکشن کا استعمال کرنے والے بڑے عطائیو ں کے خلاف پہلے کارروائی کی جائے ۔ سیکرٹری صحت نے مزید کہاکہ محکمہ صحت کے کچھ ملازم بھی جو دفتر ی اوقات کے بعدکلینک چلاتے ہیں وہ محکمہ کیلئے بدنامی کا باعث ہیں ان کے خلاف بھی فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے عطائی کلینک بند کئے جائیں ۔انہو ں نے کہاکہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ایچ آئی ایس ڈی یو(HISDU) آج شام تک اینڈرائڈایپ تیار کردے گا اور عطائیوں کے خلاف کئے جانے والے تمام چھاپے اینڈ رائڈ ایپ کے ذریعے رجسٹرڈ کئے جائیں گے۔ سیکرٹری صحت علی جان خان نے ہدایت کی کہ مذکورہ احکامات پر بلا امتیاز سو فیصد عملد رآمد یقینی بنایاجائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیاجائے گا اور نہ ہی کوئی کوتاہی برداشت کی جائے گی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...