کاشتکاروں میں اربوں روپے کے قرضے آسان شرائط پر تقسیم کئے جا رہے ہیں، اقبال چنٹر

کاشتکاروں میں اربوں روپے کے قرضے آسان شرائط پر تقسیم کئے جا رہے ہیں، اقبال ...

لاہور(نمائندہ پاکستان)صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ عوام میں کوآپریٹو تحریک کی افادیت اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے صوبہ بھر میں موجود فارم سروسز سنٹرز، اور دیگر کو آپریٹو فیڈریشن فعال کو آپریٹو اداروں کوامداد با ہمی کی اصل روح کے مطابق بحال کیا جائے گا۔اس وقت صوبہ بھر میں32 ہزار748کو آپریٹو سو سائٹیاں رجسٹرڈ ہیں جن میں سے28ہزار891سوسائٹیاں زراعت سے منسلک ہیں۔جبکہ کوآپریٹو بنک کی طرف سے کاشتکاروں میں سالانہ اربوں روپے کے قرضہ جات آسان شرائط پر تقسیم کئے جا رہے ہیں۔اس امر کا اظہار انہوں نے ز رعی کوآپریٹو سوسائٹیوں کے ممبران سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے بڑے شہروں میں کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں عوام کی کثیر تعداد رہائش کو فوقیت دئیے ہوئے ہے کیونکہ یہاں پر رہائشی سہولیات دیگرسوسائٹیوں کی نسبت بہتر انداز میں میسر ہیں۔انہوں نے کہا کہ لا ہور شہر میں 105کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں ایک لاکھ گیارہ ہزار سے زائد ممبران رہائش پزیر ہیں۔جوکہ لاہور میں رہائشی رقبہ کا30فیصد سے زائد ایریا ہے۔ لاہور کی 82 کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں منظور شدہ بائی لاز پر سختی سے عمل در آمد ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسفر آف پلاٹ کا کام با ئیو میٹرک سسٹم کے ذریعے ہونا شروع ہو گیا ہے۔جس سے فراڈ اور جعلسازی کا خاتمہ ممکن ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سوسائٹیوں میں بروقت آڈٹ اور الیکشن کرانے بارے سختی سے ہدایات کر دی گئی ہیں اگر کسی بھی سوسائٹی کی طرف سے اس بارے شکایت سامنے آئی تو ایسی سوسائٹی انتظامیہ کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام سوسائٹیوں کے معاملات کی نگرانی انتہائی باریک بینی سے کی جارہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1