دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے 16رکنی ٹیم کا اعلان ، فواد عالم پھر ناکام

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے 16رکنی ٹیم کا اعلان ، فواد عالم پھر ناکام

لاہور(آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کی سلیکشن کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ اورانگلینڈ کیلئے16رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پانچ روزہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور دیگر صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لئے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا، نوجوان کھلاڑی محمد عباس، سعد علی، حسن علی، فہیم اشرف اور راحت علی کو بھی16رکنی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ فواد عالم ایک بار پھر سلیکٹرز کا عتماد حاصل کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ اورانگلینڈ کیلئے16رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے اسکواڈ میں سرفراز احمد، اظہر علی ، سمیع اسلم ، حارث سہیل، بابر اعظم ، فخر زمان، امام الحق، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان اور محمد عامر شامل ہیں۔ نوجوان کھلاڑی محمد عباس، سعد علی، حسن علی، فہیم اشرف اور راحت علی کو بھی16رکنی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔اس سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لئے مشاورت کی تھی اور پانچ روزہ کیمپ مکمل ہونے کے بعد 25 میں سے 16 کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا،قذافی اسٹیڈیم میں کیمپ کا پہلا مرحلہ ختم ہوچکا ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں اب 16 رکنی ٹیم کا کیمپ 18 اپریل سے شروع ہوگا، قومی ٹیم 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگی جہاں آئرلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ 11 مئی جبکہ2 ٹیسٹ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔یاد رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 11 سے 15 مئی تک ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔جب کہ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز24مئی سے ہوگا اور دوسرے ٹیسٹ کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی